یونیورسٹی آف سرگودھا میں ماحولیاتی شعور اُجاگر کرنے کیلئے "کلین اینڈ گرین پاکستان مہم" کا آغاز

بدھ 22 مئی 2024 18:21

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ سوشیالوجی اینڈ کریمنالوجی نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے آغاز سمیت دیگر سماجی خدمات کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کیلئے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا ، بی ایس سوشیالوجی کے طلبہ نے سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے شجر کاری کے ذریعے ماحول دوست رویوں کو فروغ دیا جبکہ طلبہ نے سماجی بہبود کیلئے کام کرنے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مختلف فلاحی اداروں کا دورہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق متوازن ماحول کی تشکیل کیلئے بی ایس سوشیالوجی کے طلبہ نے لیکچرر سوشیالوجی زرقا اظہر کی زیر نگرانی شعبہ میں مختلف ماحول دوست پودے لگائے جبکہ یونیورسٹی کمیونٹی کو شجر کاری کی اہمیت سے آگاہ کرنے کیلئے بھی طلبہ کی جانب سے مختلف تخلیقی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

طلبہ نے یونیورسٹی کمیونٹی میں سرسبز ماحول قائم کرنے کیلئے پلاسٹک کا استعمال نہ کرنے، پانی کو ضائع ہونے سے بچانے، ری سائیکلنگ پروگرامز کو اپنانے اور شجر کاری سے متعلق بنیادی معلومات پر مشتمل تشہیری مواد بھی تقسیم کیا جبکہ اس مہم کے دائرہ کار کو مرحلہ وار وسعت دی جائے گی۔

کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے دوست سرگرمیوں کے انعقاد پر طلبہ و فیکلٹی ممبران کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ طلبہ اپنے ماحول کو سازگار بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں سر سبز پاکستان مہم کے بارے میں شعور اجاگر کیا جائے اور معاشرے کے ہرفرد کو اس بات پر رضا مند کیا جائے کہ وہ ماحول دوست سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ بڑھتے درجہ حرارت سمیت دیگر ماحولیاتی تبدیلیوں میں کمی لائی جا سکے۔

سماجی خدمات پر مشتمل دوسری سرگرمی میں بی ایس سوشیالوجی کے طلبہ نے لیکچرر شعبہ سوشیالوجی زرقا اظہر کی قیادت میں سپیشل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ سرگودھا کا دورہ کیا۔