دہشتگرد حملے میں ہلاک چینی شہریوں کیلئے 70 کروڑ روپے سے زائد زرتلافی کا اعلان

جاں بحق پاکستانی کیلئے 25 لاکھ روپے کی سفارش‘ اقتصادی رابطہ کمیٹی آئندہ اجلاس میں پیکج کی منظوری دے گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 23 مئی 2024 11:24

دہشتگرد حملے میں ہلاک چینی شہریوں کیلئے 70 کروڑ روپے سے زائد زرتلافی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی 2024ء ) حکومت نے دہشت گرد حملے میں ہلاک چینی شہریوں کیلئے 70 کروڑ روپے سے زائد زرتلافی کا اعلان کردیا۔ جنگ اخبار کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے رواں برس 26 مارچ کو ہونے والے دہشت گرد حملے میں ہلاک چینی باشندوں کے لیے 25 لاکھ 80 ہزار ڈالرز ( تقریباً 71 کروڑ 89 لاکھ 53 ہزار روپے ) سے زائد زر تلافی کا اعلان کیا گیا ہے، اس حملے میں داسو ڈیم کی سائٹ پر کام کرنے والے 5 چینی انجینئر ہلاک ہوئے تھے، داسو ہائیڈرو پاور پر وجیکٹ ورلڈ بینک کے تعاون سے تعمیر کیا جارہا ہے، جس کے مکمل ہونے4 ہزار 320 میگا واٹ بجلی کی پیدوار کا امکان ہے، اسی حملے میں جاں بحق پاکستانی کے لیے 25 لاکھ روپے امداد کی سفارش کی گئی ہے۔

کا بینہ ڈویژن کے ایک سینئرافسر کا کہنا ہے بین الوزار تی کمیٹی (آئی ایم سی ) نے جاں بحق پاکستانی کارکن کے لیے 25 لاکھ روپے تلافی کی سفارش کی ہے، آئی ایم سی کا قیام گزشتہ 9 مئی کو وزارت آبی وسائل کی کنوینر شپ میں عمل میں آیا تھا، چینیوں کے ورثاء کے لیے مذکورہ زرتلافی کی سمری ای سی سی کو مل گئی ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) اپنے آئندہ اجلاس میں اس پیکج کی منظوری دے گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ 26 مارچ کو چینی انجینئرز کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی انجینئرز ہلاک ہوئے تھے، بشام میں چینی انجینئرز پر خودکش حملے سے متعلق پولیس نے رپورٹ وفاق کو ارسال کی، جس میں کہا گیا کہ بظاہر چینی باشندوں کو لے جانے والی گاڑی بلٹ پروف اور بم پروف نہیں لگتی، ہلاک ہونے والے چینی باشندوں میں ایک خاتون انجینئر بھی شامل ہے، تباہ ہونے والی بس دوسری بس سے 15 فٹ کے فاصلے پر تھی، خودکش دھماکے سے بس 300 فٹ گہرائی میں جا گری، چیبی قافلے میں شامل تمام بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے، خودکش بمبار کے زیر استعمال گاڑی کے ٹکڑے حاصل کئے گئے ہیں، جائے وقوعہ کی فضائی تصویر بھی حاصل کرلی گئی ہے، جائے وقوعہ سے تھانہ بشام تقریباً 6 کلومیٹر اور داسو ڈیم 77 کلومیٹر دور ہے۔

بعد ازاں صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ بشام میں چینی انجینئرز پر حملے میں ملوث 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا نے بتایا کہ بشام میں چینی انجینئرزپر خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور اس حملے میں ملوث 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، اس کے علاوہ ان کے نیٹ ورک کے دیگر دہشت گردوں کی شناخت بھی کرلی گئی ۔