شاہ عبدالطیف یونیورسٹی میں ہیٹ سٹروک کیمپ کا انعقاد ، پانچ ہزار لوگ مستفید ہوئے

جمعہ 24 مئی 2024 22:50

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2024ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے سٹوڈنٹس سوسائٹیز سنٹر نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے جمعہ کے روز گرمی کی لہر سے نمٹنے کے لیے ہیٹ سٹروک کیمپ کا انعقاد کیا۔اس کیمپ کا افتتاح اکیڈمک ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر ارشد بشیر، ایچ ای سی کنسلٹنٹ ڈاکٹر عطا الرحمان اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر امیر کھوڑو نے کیا ۔

اس موقع پر ڈاکٹر امیر حسین شر (فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ڈین)، شعبہ اردو کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بن عمر، پروفیسر ڈاکٹر ہدایت اللہ شیخ، نذیر حسین منگنیجو، رجسٹرار اعجاز احمد شیخ اسسٹنٹ پروفیسر ، الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر شعیب اقبال شاہین اور سٹوڈنٹس سوسائٹیز سنٹر کے انچارج ڈاکٹر علی رضا لاشاری بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی اور شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے نمائندوں نے گرمی کی موجودہ لہر کے دوران ہیٹ سٹروک کیمپ کے قیام میں سٹوڈنٹس سوسائٹیز سنٹر اور الخدمت فاؤنڈیشن کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔

ڈاکٹر علی رضا لاشاری نے تمام مہمانوں اور مخیر ادارے کے تعاون اور سٹوڈنٹس سوسائیٹیز کے رضاکاروں کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اس کیمپ سے تقریباً 5000 طلباء، ملازمین، افسران اور پیدل چلنے والے مستفید ہوئے ، ہیٹ سٹروک کی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینس سروس بھی موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :