ئ*مشکل ترین حالات میں فرائض انجام دینے پر صحافی خراج تحسین کے مستحق ہیں، گورنر سندھ

۵زندگی میں خدمات کا اعتراف ایک اچھی روایت ہے ، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے جاری رہیں گے، کامران خان ٹیسوری

ہفتہ 1 جون 2024 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ مشکل ترین حالات میں فرائض انجام دینے پر صحافی خراج تحسین کے مستحق ہیں، زندگی میں خدمات کا اعتراف ایک اچھی روایت ہے ، جسے ہر شعبہ زندگی میں جاری کرنا چاہیے، یہاں بیٹھے ہوئے تمام صحافیوں سے ذاتی تعلق ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ میڈیا فورم کی جانب سے سینئر صحافیوں کی تقریب پذیرائی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر کیا۔

تقریب میں مظہر عباس،جی ایم جمالی، فاضل جمیلی، مجید عباسی، اے ایچ خانزادہ، رشید میمن، شبیر غوری اور جاوید چوہدری کی صحافتی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ گورنر ہا?س سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے جاری رہیں گے، کیونکہ 12ربیع الاول کو حلف اٹھاتے ہی عہد کیا تھا کہ عوام کی خدمت کے لئے جو کچھ ہوسکا کروں گا اور اس وقت سے اب تک عوام کے مسائل حل کرنے اور انہیں سہولیات بہم پہنچانے کے لئے حتی المقدور کوشش کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سیلانی ٹرسٹ کے تعاون سے اسکولوں میں بچوں کو مفت ناشتہ کی فراہمی شروع کر رہے ہیں، پہلے مرحلے میں 12000 طلبہ و طالبات کو ناشتہ دیں گے، اس اسکیم کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھایا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی کورسز کا دائرہ کار بھی بڑھانے جارہے ہیں ، یہ کورسز جلد حیدر آباد اور سکھر میں شروع کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ بات اختیار سے زیادہ ارادے اور نیت کی ہوتی ہے، کیونکہ اگر ارادہ نیک ہو تو ہر مشکل آسان ہوجاتی ہے اور گورنر ہائوس سے شروع کے گئے تمام اقدامات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کیونکہ ان میں ایک روپے بھی سرکاری فنڈ شامل نہیں ہے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ سندھ محمد سلیم خان، انٹرنیشنل ریسلنگ چیمپیئن بلال آفریدی، ایڈمنسٹریٹر فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ زاہد ابراہیم بھٹی بھی شریک تھے۔ تقریب کی صدارت فورم کے صدر معین اللہ شاہ نے کی ، جبکہ فورم کے جنرل سکریٹری صدیق چوہدری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، اس موقع پر مہمانوں کو یادگاری شیلڈ اور اجرک پیش کی گئیں۔#