تمباکو نوشی انسانی جسم کو کھوکھلا کرکے موت کے منہ میں دھکیل دیتی ہے،بیرسٹر سلطان باجوہ

تمباکو نوشی اور اسکے دھویں سے پاک معاشرے کا قیام حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے،تقریب میں خطاب

اتوار 2 جون 2024 11:10

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2024ء) پنجاب اسمبلی کے رکن بیرسٹر سلطان طارق باجوہ نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی انسانی جسم کو کھوکھلا کرکے آہستہ آہستہ موت کے منہ میں دھکیل دیتی ہے، اس کے استعمال سے دل کے امراض،کینسر، منہ،پھیپھڑوں کے سرطان،برین سٹروک،شوگر جیسے مرض بڑھ رہے ہیں،پاکستان میں 2کروڑ90 لاکھ سے زیادہ تمباکونوش ہیں جن کی عمریں 15برس یا اس سے زیادہ ہیں جن میں سے ایک کروڑ70 لاکھ سگریٹ نوش ہیں،وہ تمباکو کے عالمی دن کے حوالے گورنمنٹ پائیلٹ ہائر سیکنڈری سکول وحدت روڈ لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے،بیرسٹر سلطان طارق باجوہ ایم پی اے نے مزید کہا کہ سگریٹ نوشی اور تمباکو کا استعمال صحت عامہ کا ایک اہم مسئلہ ہے،تمباکو نوشی سے پاکستان میں سالانہ اڑھائی لاکھ اموات تشویشناک امر ہے،نوجوانوں میں ہارٹ ٹیک کی بڑی وجہ کثرت سے تمباکو نوشی بھی ہے، تمباکو نوشی انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک اور ماحول پر لمبے عرصے کیلئے منفی اثرات مرتب کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر سال 80 لاکھ سے زائد افراد تمباکو نوشی کے استعمال اور اس کے دھویں کی وجہ سے موت کا شکار ہوتے ہیں جبکہ 8 لاکھ سے زائد افراد صرف تمباکو نوشی کے دھواں کی وجہ سے موت کا شکار ہو جاتے ہیں،انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی اور اس کے دھویں سے پاک صحت مند معاشرے کا قیام حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، اسی لئے عوامی مقامات کو تمباکو نوشی کے دھویں سے پاک شہر بنانے کے ساتھ ساتھ عوام میں اس کے نقصانات اور قوانین کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جارہی ہے، والدین، سول سوسائٹی، نوجوانوں کی صحت اور تندرستی کو تمباکو کے مضر اثرات سے بچانے کیلئے مزید اقدامات کریں، عوام تمباکو نوشی سے پاک طرز زندگی اپنانے کا عہد کریں اور اسکے نقصانات سے نوجوان نسل کوآگاہی فراہم کریں۔