آر پی او کوہاٹ ڈویژن شیر اکبر خان کا قبائلی ضلع کرم کا دورہ

بدھ 5 جون 2024 16:18

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2024ء) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کوہاٹ ڈویژن شیر اکبر خان نے سابقہ لیویز اور خاصہ دار فورس کے غیر ضم شدہ 87 جوانوں کو خیبرپختونخوا پولیس میں ضم کرنے کے حوالے سے اور ان کو درپیش مسائل کے حل کرنے کے لیے ضلع کرم کا ایک روزہ دورہ کیا۔ کرم پولیس کے مطابق کرم پہنچنے پر ڈی پی او کرم نثار احمد خان نے آر پی او کوہاٹ ڈویژن کا کا استقبال کیا جبکہ مقامی پولیس کی چاق و چوبند دستے نے سلامی دی ۔

آر پی او کوہاٹ شیر اکبر خان نے ضلعی پولیس سربراہ نثار احمد خان کی موجودگی میں ڈی پی او آفس صدہ اور پاراچنار میں فاٹا انضمام کے بعد خیبرپختونخوا پولیس میں غیر ضم شدہ سابقہ لیویز اور خاصہ دار فورس کے تمام جوانوں کی فرداً فرداً فزیکل ویری فیکیشن کی اور ساتھ ہی ان کے مسائل سن کر اس کے حل کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آر پی او کوہاٹ نے کہا کہ یہی جوانان ہمارے وطن عزیز کے اصل سرمایہ ہیں میں بطور ریجنل پولیس آفیسر ان پر فخر کرتا ہوں اور ان کو درپیش مسائل کی حل میری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرم پولیس کے سابقہ لیویز اور خاصہ دار فورس کے جوانوں نے خطے میں امن و استحکام کی خاطر دہشت گردی کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور اس کی بہادری اور جرات مندانہ قربانیوں نے تاریخ رقم کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض منصبی کو احسن طریقہ سے انجام دینے والے اہلکاروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، فاٹا انضمام کے بعد سابقہ لیویز اور خاصہ دار کو باقاعدہ طور پر خیبر پختونخوا پولیس میں ضم کر دی گئیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کرم کے غیر ضم شدہ 87 سابقہ لیویز اور خاصہ دار فورس کے جوانوں کی پروسیس مکمل ہوتے ہی خیبرپختونخوا پولیس میں ضم کر دیےجائینگے اور باقاعدہ طور پر خیبرپختونخوا پولیس کا حصہ بن جائیں گے، ان انشاء اللہ ڈسٹرکٹ کرم پولیس خیبرپختونخوا کی ایک مثالی پولیس بن کر ابھرے گی۔