میونسپل کارپوریشن کے ملازمین نے تنخواہیں، پنشن کی جلد ادائیگی کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا

لیبر ونگ کے عہدیداروں کا مطالبے کی منظوری پر وزیر خزانہ ، وزیر بلدیات ،ڈپٹی کمشنر سے اظہار تشکر

جمعرات 11 جولائی 2024 11:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2024ء) میونسپل کارپوریشن لاہور کے ملازمین نے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن ، وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر کی جانب سے ڈائریکٹر آڈٹ افسر کی فوری تعیناتی ،تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کی یقین دہانی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کئی روز سے جاری احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا ۔

ایم سی ایل کے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی بر وقت ادائیگی نہ ہونے پر میونسپل کارپوریشن لاہور لیبر ونگ کے عہدیداران محبوب بھٹی ،منیر ٹکا خان اور صوفی ریاض الدین کی قیادت میں وفد نے ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر سے مذاکرات کئے جس میں انہیں یقین دہانی کرائی گئی ملازمین اور پنشنرز کو ہفتے کے روز تک تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کر دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

وفد نے وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن سے بھی ملاقات کی اور اپنے مطالبے سے آگاہ کیا جس پر انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کے مطالبے پر مثبت پیشرفت ہو رہی ہے اور جلد تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی ۔ لیبر ونگ کے عہدیداروں نے کہا کہ ہم مشکور ہیں کہ صوبائی وزراء اور ڈپٹی کمشنر نے ہمارے مطالبے کو سنا اور اس پر مثبت رد عمل کا اظہار کیا ۔تنخواہوں اور پنشن کی یقین دہانی پر ہم نے احتجاج ختم کر دیا ہے ۔