پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کی گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے کوششیں قابل تعریف ہیں،کرنل ریٹائرڈ محمد نعمان

بدھ 24 جولائی 2024 14:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2024ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق رکن اور مالاکنڈ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ محمد نعمان نے کہا ہے کہ ملک میں پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کی گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے کوششیں قابل تعریف ہیں اور حکومت کو پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کو ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لئے سہولیات فراہم کرنی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول احمد آرائیں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر رانا تنویر احمد، کراچی سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عظمت پاشا اور خیبرپختونخوا تھرو بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ارشد حسین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کرنل محمد نعمان نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے اور نکھارنے کے لئے پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کی کاوشیں اور کوششیں ایک اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسرز کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور پرائیویٹ سیکٹرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ ملک میں دوسرے کھیلوں کو بھی فروغ حاصل ہو۔

اس سلسلہ میں حکومت کو پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کو ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لئے سہولیات فراہم کرنی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں قومی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان محمد نعمان نے کہا کہ ملک میں تعلیمی اداروں کا کسی دور میں کھیلوں کی ترقی کے لئے ایک بہت بڑا اہم کردار رہا ہے جو اب نہ ہونے کے برابر ہے۔ پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کا تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔

آخر پر کرنل ریٹائرڈ محمد نعمان نے پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول احمد آرائیں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول احمد آرائیں نے کرنل ریٹائرڈ محمد نعمان کا ملاقات کرنے پر شکریہ ادا کیا اور ملک میں فٹ بال کے فروغ کے لئے ان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔