پاکستان کیخلاف دوسرے ٹی 20 میں جیسن ہولڈر نے اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا

ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر نے دوسرے ٹی 20 میں 4 پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی

اتوار 3 اگست 2025 12:30

پاکستان کیخلاف دوسرے ٹی 20 میں جیسن ہولڈر نے اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا
فلوریڈا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جیسن ہولڈر نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں سابق اسٹار ڈیوین براوو کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ توڑ دیا۔اتوار کو سینٹرل براوارڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جیسن ہولڈر نے 4 وکٹیں حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

جیسن ہولڈر کی اب 74 میچوں میں 81 وکٹیں ہو چکی ہیں جبکہ ڈیوین براوو نے 91 میچز میں 78 وکٹیں لی تھیں۔ براوو نے 2006 میں اپنا ڈیبیو کیا تھا اور 2021 تک ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی۔ٹی 20 انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی فہرست کے مطابق جیسن ہولڈر ط 81 وکٹیں‘ڈوین براوو ط 78 وکٹیں‘عقیل حسین ط 72 وکٹیں‘روماریو شیفرڈ ط 64 وکٹیں‘ الزاری جوزف ط 62 وکٹیں لے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ دوسرے ٹی 20 میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔میچ کے دوران جیسن ہولڈر نے 4 پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اہم ترین 16 رنز بھی اسکور کیے جس میں آخری گیند پر وننگ شاٹ بھی شامل تھا، آل راونڈ پرفارمنس پر انہیں مین آف د میچ قرار دیا گیا۔ قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے تھے، ویسٹ انڈیز نے مقررہ ہدف میچ کی آخری گیند پر حاصل کرلیا۔