لیجنڈز لیگ : فائنل میں پاکستان کی شکست پر سریش رائنا زہر اگلنے لگا

ہم بھی کھیلتے تو پاکستان کو اسی طرح ہراتے مگر ہم نے کسی بھی چیز پر ملک کو ترجیح دی، سابق بھارتی کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 3 اگست 2025 16:28

لیجنڈز لیگ : فائنل میں پاکستان کی شکست پر سریش رائنا زہر اگلنے لگا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 اگست 2025ء ) ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025ء کے فائنل میں پاکستان چیمپئنز کی شکست پر بھارت کا سابق کرکٹر سریش رائنا اپنی روایتی تنگ نظری سے باز نہ آیا اور پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگا۔ 
پاکستان چیمپئنز کو جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست ہوئی مگر سریش رائنا نے اپنی بھڑاس پاکستان پر نکالتے ہوئے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کے ذریعے نہ صرف پاکستان پر طنز کیا بلکہ جنوبی افریقا کے بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز کی سنچری کا سہارا لے کر اپنی پاکستان دشمنی چھپانے کی ناکام کوشش کی۔

سریش رائنا نے ڈھٹائی سے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اگر بھارت اور پاکستان کا آمنا سامنا ہوتا تو بھارت پاکستان کو “کچل” دیتا‘۔ 
 
حالانکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت چیمپئنز صرف ایک میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچا اور وہاں پاکستان کا سامنا کرنے کے خوف سے راہ فرار اختیار کرلی۔

(جاری ہے)

 

پوری دنیا نے دیکھا کہ بھارت چیمپئنز کی ٹیم نے دونوں میچز ’پہلے گروپ میچ میں اور پھر سیمی فائنل میں‘ بزدلی کے ساتھ راہ فرار اختیار کی۔

 
سیاسی بہانے تراشتے ہوئے بھارتی ٹیم نے میدان میں آنے سے انکار کیا حالانکہ انکے کئی کھلاڑی پاکستان سے کھیلنے کے خواہشمند تھے۔
سریش رائنا نے لیگ کے سپانسر EaseMyTrip کے شریک بانی نشانت پٹی کی بھی تعریف کی جس نے گرین شرٹس کی موجودگی کی وجہ سے فائنل میچ کی اسپانسرشپ واپس لے لی تھی۔
30 جولائی کو EaseMyTrip نے اعلان کیا تھا کہ وہ 31 جولائی کو برمنگھم میں شیڈول بھارت بمقابلہ پاکستان سیمی فائنل کے اسپانسر نہیں ہوں گے۔

 
یہ وہی کمپنی ہے جو خود کو ’سیکولر‘ کہتی ہے لیکن کھیل کو سیاست میں گھسیٹ کر نفرت کے ایجنڈے کو ہوا دے رہی ہے۔ 
ہار کا خوف ہو یا قوم پرستی کا ڈرامہ بھارت کی اس بزدلی پر کھیل سے محبت رکھنے والے ہر شخص کو مایوسی ہوئی۔ 
لیجنڈز لیگ کے مالک ہرشِت تومر نے بھی تسلیم کیا کہ بھارتی ٹیم کے کئی کھلاڑی پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار تھے مگر “عوامی جذبات” کا بہانہ بنا کر ٹیم نے اجتماعی طور پر کھیلنے سے انکار کیا۔