ختم نبوت ﷺ دین اسلام کا وہ بنیادی اور اہم عقیدہ ہے جس پر پورے دین کا انحصار ہے،شازیہ کیانی ایڈووکیٹ

جمعرات 1 اگست 2024 16:42

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2024ء) سیکرٹری مالیات سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد آزاد جموں وکشمیر شازیہ کیانی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ختم نبوت ﷺ دین اسلام کا وہ بنیادی اور اہم عقیدہ ہے جس پر پورے دین کا انحصار ہے اگر یہ عقیدہ محفوظ ہے تو پورا دین محفوظ ہے اگر یہ عقیدہ محفوظ نہیں تو دین محفوظ نہیں، محسن انسانیت حضور نبی اکرم ﷺ اللہ تعالیٰ کے سب سے آخری نبی اور رسول ﷺ ہیں،اللہ کریم نے حضور نبی اکرم ﷺ کو اس جہان میں بھیج کر بعثت انبیاء کا سلسلہ ختم فرما دیا ہے۔

آپ ﷺ کے بعد کوئی نبی معبوث نہیں ہوگا ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت امت مسلمہ کا وہ اجتماعی عقیدہ ہے جس پر کسی کا اختلاف نہیں۔

(جاری ہے)

تاجدار کائنات حضور نبی اکرم ﷺ کی شان ختم نبوت کو مزید اجاگر کرنے کے لئے اللہ رب العزت نے قرآن حکیم میں جہاں اپنا ذکر فرمایا وہاں اپنے حبیب حضرت محمد مصطفی ﷺ کا ذکر بھی کیا۔

باطل کا ہر دور چاہے ماضی کا ہو یا حال کا مکر و فریب اور ساز باز کے اعتبار سے ہمیشہ ایک سا ہی رہا ہے۔ طریقہ واردات اور انداز میں فرق ہوتا ہے آج کا باطل بھی امت مسلمہ کو عقلی، لغوی اور لفظی بحثوں میں الجھا کر عقیدہ ختم نبوت سے دور ہٹانا چاہتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہدایت انسانی کیلئے سلسلہ نبوت کا آغاز سیدنا آدم علیہ سلام سے ہوا اور حضرت محمد مصطفی ﷺ پر اختتام پذیر ہوا۔ یہی وہ عقیدہ ختم نبوت ہے جس پر دین اسلام کی عظیم الشان عمارت استوار ہے۔ ہمیں اپنے عقیدے اور ایمان کی حفاظت کرنا ہوگی۔ اپنی زندگیاں حضور نبی اکرم ﷺ کی محبت، نسبت، اطاعت اور غلامی میں بسر کریں، آنے والی نسلوں کو بھی یہی تعلیم دیں۔

متعلقہ عنوان :