سندھ حکومت کا کمرشل گاڑیوں کی ڈیجیٹلائزیشن کا فیصلہ

فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری دستاویزات آن لائن حاصل کی جاسکیں گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 اگست 2024 16:19

سندھ حکومت کا کمرشل گاڑیوں کی ڈیجیٹلائزیشن کا فیصلہ
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اگست 2024ء ) حکومت سندھ کی جانب سے محکمہ ٹرانسپورٹ اور کمرشل گاڑیوں کی ڈجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جہان بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ذیلی اداروں ایس ایم ٹی اے، پی ٹی اے، آر ٹی اے اور ٹرانس کراچی کی بھی ڈجیٹلائزیشن کا کام شروع کر دیا گیا۔

اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے سافٹ ویئر سے پی ٹی ایز کو آپس میں جوڑا جا رہا ہے، بین الصوبائی روٹ پرمٹس کا بھی پتہ چل سکے گا، روٹ پرمٹس کے اجراء اور تجدید کے نظام کو آن لائن کیا جا رہا ہے، ڈجیٹلائزیشن سے ٹرانسپورٹر حضرات آن لائن روٹ پرمٹس اپلائی اور رینیو کروا سکیں گے، روٹ پرمٹس، فٹنس سرٹیفکیٹ، باڈی میکرز کے پرمٹ کے اجراء کو آسان بنانے کے لیے آن لائن کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفکیٹ کے نظام کو آن لائن کیا جا رہا ہے، عوامی شکایتی مرکز بھی قائم کیا جائے گا، سیکریٹریٹ میں تمام معلومات اکٹھی کی جائیں گی، ٹرانسپورٹ کے نظام کو آن لائن کرنے سے روینیو میں اضافہ ہوگا، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نظام میں شفافیت آئے گی، ڈجیٹلائزیشن سے حادثات میں بھی کمی آئے گی، مسافر محفوظ طریقے سے سفر کر سکیں گے، آٹومیشن کے نظام پر ہر پندرہ دن میں پیشرفت اور رپورٹ دی جائے۔

علاوہ ازیں ایک تقریب سے خطاب میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی پہلی ای وی ٹیکسی جلد شروع کرنے جا رہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے وژن کے مطابق سندھ حکومت خواتین کے لیے گھر گھر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک وقف شدہ پنک ٹیکسی سروس شروع کر رہی ہے، اسی طرح سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس کے لیے چار دنوں میں چار نئے روٹس کا آغاز کیا ہے، عوام کو کم سے کم کرایوں پر ایئر کنڈیشنڈ بسوں کے ذریعے سفری سہولیات فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔