پیپلز پارٹی اقتدار کی ہوس اور لالچ میں سندھ کی زمینیں اور وسائل وفاق کے حوالے کر رہی ہے،لال جروار

جمعہ 2 اگست 2024 22:44

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2024ء) عوامی تحریک کے مرکزی صدر لال جروار، مرکزی جنرل سیکریٹری نور احمد کاتیار، مرکزی میڈیا سیکریٹری کاشف ملاح، مرکزی رہنما گھنور خان زئور اور عبدالرحمن سمون نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اقتدار کی ہوس اور لالچ میں سندھ کی زمینیں اور وسائل وفاق کے حوالے کر رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کی سہولت کاری میں وفاقی حکومت نے دریائے سندھ پر مکمل قبضہ کرنے کے لیے ارسا ایکٹ میں ترمیم کی ہے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ دشمن معاہدے کر کے سندھ کو ریگستان اور بنجر زمین میں تبدیل کرنے کی سازش کی ہے۔ ارسا ایکٹ میں غیر آئینی ترمیم اور دریائے سندھ پر قبضے کے خلاف سندھ کے عوام پرامن جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو سندھ کے وسائل فروخت کرنے کا کوئی اختیار نہیں دیا، پیپلز پارٹی سندھ کو بیچ کر قوم سے غداری کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

رہنماں نے کہا کہ دریائے سندھ سندھ کی بقا کا واحد ذریعہ ہے۔ دریائے سندھ کو بھی گرین کارپوریٹ کمپنی کے حوالے کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین اصل باشندوں سے چھین کر گرین کارپوریٹ انیشیٹو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کو دی جا رہی ہے، رہنماں نے سندھ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے وسائل، زمینیں اور دریائے سندھ کو بچانے کے لیے اٹھ کھڑے ہوں اور پرامن جمہوری جدوجہد جاری رکھیں۔