Live Updates

صوبے میں امن و امان ہو گا تو سرمایہ کاری بڑھے گی، غربت پر کنٹرول ممکن ہو سکے گا‘مجتبیٰ شجاع الرحمن

معاشی سرگرمیوں کا فروغ شہریوں اور سرمایہ کاروں کو جان و مال کے تحفظ کی فراہمی سے مشروط ہے جو حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے وزیر خزانہ پنجاب کا محکمہ داخلہ کے زیر اہتمام پروبیشن اینڈ پیرول افسران اور انٹرنز کی تقریب تقسیم اسناد میں بطور مہمان خصوصی خطاب

ہفتہ 3 اگست 2024 18:53

صوبے میں امن و امان ہو گا تو سرمایہ کاری بڑھے گی، غربت پر کنٹرول ممکن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2024ء) وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے محکمہ داخلہ کے زیر اہتمام پروبیشن اینڈ پیرول افسران اور انٹرنز کی تقریب تقسیم اسناد میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقسیم اسناد کی یہ تقریب سول سیکرٹریٹ دربار ہال میں منعقد کی گئی تھی جس میں ایک ماہ کی مدت پر محیط خصوصی تربیتی کورس مکمل کرنے والے پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروسز کے 74 افسران اور 12 انٹرنز میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

تربیتی کورس مکمل کرنے والے 74 افسران کا تعلق پنجاب کے مختلف ضلعی دفاتر سے تھا جبکہ انٹرنز میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی، لاہور کالج وویمن یونیورسٹی سمیت پنجاب بھر کی جامعات کے شعبہ سوشیالوجی اور سائیکالوجی کے طلبہ و طالبات شامل تھیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ افسران اور طلبہ کے لیے ایک ماہ کے اس خصوص تربیتی پروگرام کا مقصد قیدیوں کی موثر کونسلنگ کے ذریعے ان کی مجرمانہ ذہنیت کو تبدیل کرنا، انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانا،جرائم پر کنٹرول کرنا اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا ہے۔

افسران اس خصوصی تربیت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور پیرول کے امیدوارقیدیوں کی کونسلنگ کو قومی خدمت سمجھ کر انجام دیں۔ صوبے میں امن و امان ہو گا تو سرمایہ کاری بڑھے گی۔ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور غربت پر کنٹرول ممکن ہو سکے گا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت مہنگائی سے مقابلے کا واحد ہتھیار کاروبار میں اضافہ اور بیروزگاری کا خاتمہ ہے۔

معاشی سرگرمیوں کا فروغ شہریوں اور سرمایہ کاروں کو جان و مال کے تحفظ کی فراہمی سے مشروط ہے جو حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروسز کے زیر اہتمام تربیت پانے والے افسران اور طالب علم آگے بڑھ کر معاشرے کی بہتری اور بحالی میں مثبت کردار ادا کریں گے۔ وزیر خزانہ نے پروبیشن اینڈ پیرول افسران کی 17 ویں سکیل میں اپ گریڈیشن کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کے وہ محکمہ جیل خانہ کی طرز پر پروبیشن اینڈ پیرول سروسز کے افسران کے لیے خصوصی الاؤنس کی بھی سفارش کریں گے۔

سپیشل سیکرٹری ہوم پنجاب فضل الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروبیشن اینڈ پیرول سروسز کریمنل جسٹس سسٹم کا ایک اہم ستون ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب ان سروسز کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔ڈائریکٹر جنرل پروبیشن اینڈ پیرول سروسز محمد شاہد اقبال نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ پنجاب میں پہلی بار پروبیشن اینڈ پیرول سروسز کے افسران کو اس قسم کی کسی تربیت کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ افسران کی تربیت کے لیے لمز یونیورسٹی اور نیشنل سکول آف پبلک پالیسی جیسے اداروں کی خدمات سے استفادہ کیا گیا ہے جبکہ ادارہ مستقبل میں افسران کو نیشنل اور انٹرنیشنل لیول پر ٹریننگ کے مواقع مہیا کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی جیل خانہ جات ڈاکٹر قدیر عالم، پروفیسر حسین حیدر، ایڈووکیٹ معظم علی شاہ بھی شریک تھے۔

صوبائی وزیر نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے افسران اور انٹرنز میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ پوزیشن ہولڈرز میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ کورس میں پہلی پوزیشن اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالے افسران عائشہ اللہ دتہ اور نعیم غفور کا تعلق لاہور سے تھا جبکہ دوسری پوزیشن پاکپتن کے محمد عاطف علی نے حاصل کی۔ آخر میں ڈی جی پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروسز نے مجتبیٰ شجاع الرحمان کو اعزازی شیلڈ پیش کی اور کورس کے منتظمین اور شرکاء نے صوبائی وزیر کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات