اقوام متحدہ کا حسینہ واجد کیخلاف تحقیقات کا مطالبہ، برطانیہ نے دروازے بند کرلئے

منگل 6 اگست 2024 22:26

اقوام متحدہ کا حسینہ واجد کیخلاف تحقیقات کا مطالبہ، برطانیہ نے دروازے ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2024ء) بھارت کے وزیر خارجہ کی جانب سے شیخ حسینہ کی بھارت کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ برطانیہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر اقوام متحدہ کی تحقیقات کے مطالبے پر شیخ حسینہ کے لیے اپنے ملک کے دروازے بند کردیے۔بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ وہ پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں ’’امن و امان کے بظاہر بحال ہونے تک‘‘ گہری تشویش میں رہیں گے۔

شیخ حسینہ پیر کو بنگلہ دیش سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت سے فرار ہو کر نئی دہلی کے قریب ایک فوجی ایئربیس پہنچیں۔ جے شنکر نے حسینہ کے ہندوستان میں ہونے کی پہلی باضابطہ تصدیق کی تھی۔ایک اعلیٰ سطحی ذرائع نے غیرملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ معزول رہنما لندن ’’ٹرانزٹ‘‘ کرنا چاہتی تھیں، لیکن برطانوی حکومت کی جانب سے ’’پرتشدد واقعات‘‘ سے متعلق اقوام متحدہ کی زیرقیادت تحقیقات کے مطالبے نے ان کے منصوبے پر پانی پھیر دیا۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ ہماری سمجھ یہ ہے کہ سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کی قیادت کے ساتھ اجلاس کے بعد شیخ حسینہ نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔’’انہوں نے بتایا کہ‘‘بہت ہی مختصر نوٹس پر انہوں نے بھارت آنے کی منظوری کی درخواست کی، ہمیں بیک وقت بنگلہ دیشی حکام سے فلائٹ کلیئرنس کی درخواست موصول ہوئی۔ وہ کل شام دہلی پہنچی تھی۔جے شنکر نے کہا کہ ہماری سرحدی حفاظت کرنے والی فورسز کو بھی اس پیچیدہ صورتحال کے پیش نظر غیر معمولی طور پر چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔