Live Updates

فلسطینی شہید صحافی مریم ابودقہ سمیت 7 صحافی عالمی ایوارڈ کیلئے نامزد

بین الاقوامی صحافتی حلقوں نے مریم ابو دقہ کی نامزدگی کو فلسطینی صحافیوں کی جدوجہد کا عالمی اعتراف قراردیا

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 22:00

فلسطینی شہید صحافی مریم ابودقہ سمیت 7 صحافی عالمی ایوارڈ کیلئے نامزد
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) دنیا بھر میں آزادی صحافت کے لیے قربانیاں دینے والے 7 باہمت صحافیوں کو سال 2025 کے ’ورلڈ پریس فریڈم ہیروز ایوارڈ‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ان نامزد صحافیوں میں فلسطین کی شہید مریم ابو دقہ بھی شامل ہیں، جنہیں صہیونی فوج نے 25 اگست 2025 کو غزہ میں اس وقت شہید کیا جب وہ میدانِ جنگ میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی تھیں۔

انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ (IPI) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اعزاز ان صحافیوں کو دیا جا رہا ہے جنہوں نے سچ بولنے، حقائق اجاگر کرنے اور عوام کی آواز بننے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔یہ ایوارڈز 24 اکتوبر کو آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ادارے کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب میں پیش کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

فلسطینی شہید صحافی مریم ابو دقہ اور یوکرین کی وکٹوریہ روشچینا دونوں ان بہادر خواتین میں شامل ہیں جنہوں نے جنگ زدہ علاقوں میں سچائی کی تلاش میں اپنی جانیں قربان کیں۔

مریم ابو دقہ کی شہادت نے فلسطینی صحافت میں ایک نئی تاریخ رقم کی، جہاں صحافی قابض اسرائیلی بمباری کے باوجود دنیا کو مظلوم فلسطینیوں کی آواز پہنچا رہے ہیں۔ایوارڈ کے دیگر نامزد افراد میں امریکا کے تجربہ کار مدیر مارٹن بیرن، پیرو کے تفتیشی صحافی گستاوو گوریٹی، ہانگ کانگ کے آزادی اظہار کے حامی جمی لائی، ایتھوپیا کے تسفالم والدیس اور دیگر نمایاں نام شامل ہیں، جنہوں نے آمریت، جنگ اور جبر کے ماحول میں سچائی کا پرچم بلند رکھا۔
Live غزہ امن معاہدہ سے متعلق تازہ ترین معلومات