رواں ماہ اگست میں ہی سولر پینل کی فراہمی شروع کردی جائے گی، سید ناصرحسین شاہ

وزیر توانائی سندھ کا سولر پینل رواں ماہ اگست میں فراہمی کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

منگل 6 اگست 2024 22:44

رواں ماہ اگست میں ہی سولر پینل کی فراہمی شروع کردی جائے گی، سید ناصرحسین ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2024ء) صوبائی وزیر توانائی سیدناصرحسین شاہ کی زیر صدارت چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر سولر پینل کے حوالے محکمہ توانائی کے اعلی افسران اور این جی اوز کے ساتھ مفت سولر فراہمی منصوبہ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر توانائی کے علاوہ سیکریٹری انرجی مصدق احمد خان، سی ای او (SPHF) خالد شیخ،ڈائریکٹر سندھ سولر انرجی پروجیکٹ محفوظ قاضی سمیت مختلف این جی اوز کے سربراہان نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ورلڈ بینک کے تعاون سے سولر پینل کی فراہمی پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ رواں ماہ اگست میں ہی سولر پینل کی فراہمی شروع کردی جائے گی اور انھوں نے سولر پینل رواں ماہ اگست میں فراہمی کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر منصوبے کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے، جلد ہر ایک ڈویژن اور ڈسٹرکٹ میں سولر پینل تقسیم کرنے کے عمل کا سلسلہ شروع کرینگے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ بھر میں توانائی کے متبادل ذرائع سے عوام کو مستفید کرینگے، عوام کو مفت بجلی کی فراہمی کے حوالے سے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ سستی بجلی فراہم کرکے عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، سولرائزیشن کا عمل عوام کوسستی بجلی فراہم کرنے کا ذریعہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ مہنگی بجلی عوام کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ہے اور پورے صوبے کی عوام مہنگی بجلی کی وجہ سے سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔