ٹورنامنٹ کے لئے مختصر تیاری کے باوجود پاکستانی ٹیم کی جانب سے انتہائی حوصلہ افزائی کارکردگی کا مظاہر

ہمارے نوجوان انتہائی باصلاحیت اور محنتی ہیں اور کسی بھی شعبے میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

بدھ 7 اگست 2024 19:50

ز*کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ فٹ بال دنیا کا سب سے مقبول ترین کھیل ہے،پاکستان کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہماری یوتھ فٹبال ٹیم نے ناروے میں منعقد ہونے والی فٹبال چیمپئن شپ 2024ء میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور عالمی سطح پر نوجوان پاکستانی فٹبالرز کی کارکردگی کو سراہا گیا، ٹورنامنٹ کے لئے مختصر تیاری کے باوجود پاکستانی ٹیم کی جانب سے انتہائی حوصلہ افزائی کارکردگی کا مظاہرہ اس امر کی دلیل ہے کہ ہمارے نوجوان انتہائی باصلاحیت اور محنتی ہیں اور کسی بھی شعبے میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، مقامی سطح پر فٹبال اکیڈمی کے قیام کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی پاکستانی یوتھ فٹبال ٹیم کی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی تاکہ مستقبل میں پاکستان کے یہ ہونہار کھلاڑی مزید کامیابیاں حاصل کریں اور شہری صوبائی اور ملکی سطح پر فٹبال کے کھیل کو مزید فروغ حاصل ہو ، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں یوتھ فٹ بال ٹورنامنٹ ناروے میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے موقع پر کہی، فٹبال ٹیم سے ملاقات کے موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو ہر سطح پر سپورٹ کریں گے، اس شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے، ڈپٹی میئر کراچی نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ٹیم کو اعزازی شیلڈ بھی دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان کے نوجوان فٹبالرز اپنے کھیل کے معیار کو مزید بہتر بنا کر مستقبل میں ملک و قوم کے لئے کامیابیاںحاصل کریں گے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ٹیم کے کھلاڑیوں اور منتظمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناروے میں منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی مختلف ٹیموں کی نمائندگی کرنے والے تقریباً 2200 کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی، پاکستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں ’’پاکستان کے بہتر مستقبل ‘‘کے عنوان سے منتخب کئے گئے بینر کے تحت حصہ لیا اور پورے ٹورنامنٹ کے دوران غیرمعمولی کارکردگی پیش کرکے تماشائیوں سے زبردست داد حاصل کی، فائنل تک رسائی کے دوران پاکستانی ٹیم نے مخالف ٹیموں کے خلاف مجموعی طور پر 26 گول کئے جبکہ اس کے خلاف صرف پانچ گول ہوسکے تاہم فائنل میچ میں ناروے کے کلب کفم کام اوسلو کے خلاف مقابلہ مقررہ وقت پر 2 ،2 گول سے برابر رہا جس کے بعد پنالٹی شوٹ آئوٹ پر پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس میچ میں پاکستان کے کھلاڑی سلمان اور شہباز نے ایک ایک گول کیا جبکہ ناروے کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز پاکستانی کھلاڑی محمد کاشف نے حاصل کیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پاکستانی یوتھ فٹبال ٹیم کی ناروے کپ میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے یوتھ فٹ بال ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک ملین روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا، میئر کراچی نے کہاکہ فٹبال کا کھیل پاکستان بالخصوص کراچی میں بے حد مقبول ہے اور لیاری ایک ایسا علاقہ ہے جہاں سے پاکستان کی فٹبال ٹیم کو ماضی میں بہترین اور نامور کھلاڑی ملے ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ لیاری سمیت کراچی کے دیگر علاقوں میں قائم ضلعی فٹبال ٹیموں کے معیار کو بلند کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی اپنی فٹبال ٹیم ہے جس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ قومی سطح کے کھلاڑی تیار کئے جاسکیں، آنے والے دنوں میں قومی فٹبال ٹیم کو ناروے میں منعقد ہونے والے اس فٹبال ٹورنامنٹ کے نتیجے میں اچھے اور باصلاحیت کھلاڑی میسر آئیں گے جو عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔

#