Live Updates

آئندہ چند ماہ کے دوران بجلی کے فی یونٹ میں 8 روپے سے زائد کی کمی آئے گی،عمار احمد لغاری

جمعرات 15 اگست 2024 21:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2024ء) این اے 187 سے رکن قومی اسمبلی سردار عمار احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان کی بھرپور کاوشوں سے آئندہ چند ماہ کے دوران بجلی کے فی یونٹ میں 8 روپے سے زائد کی کمی آئے گی،مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے،ہم انتقام کی بجائے خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں،جام پور کو جلد ضلع کا درجہ دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز محمد پور دیوان میں 132کے وی گریڈ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سردار شیر افگن خان گورچانی ،میپکو چیف ناصر ایاز گورمانی،چیف انجنئیر ڈویلپمنٹ میپکو سیف اللہ سہرانی،ضلعی افسران اور عمائدین علاقہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

سردار عمار خان لغاری نے کہا کہ آج محمد پور دیوان کے عوام کی درینہ خواہش پوری کر دی گئی ہے اور آج یہاں پر 132 کے وی گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا ہے اس منصوبے پر 38 کروڑ روپے خرچ ہوں گے اور یہ منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں محمد پور دیوان کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں،پسماندہ ضلع سکیم کے تحت راجن پور کو ملنے والے 3 ارب روپے میں سے 35کروڑ روپے محمد پور دیوان کی سیوریج پر خرچ ہوں گے۔عمار خان لغاری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتا ہے اور ہم مہنگائی پر بھرپور انداز سے قابو پانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے والد وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری آئندہ چند ماہ تک عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کریں گے اور فی یونٹ 8روپے سے زیادہ کی کمی دیکھنے کو ملے گی, اور حکومت کم وقت میں مہنگائی کی شرح 48 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد پر لے آئی ہے۔

انہوں نے کہا عوام کو بجلی کے وولٹیج میں کمی کے مسئلہ سے چھٹکارہ دینے کے لیے گریڈ اسٹیشنز کو اپ گریڈکیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سے براستہ ڈیرہ غازی خان کشمور تک جانے والے انڈس ہائی وے کو دو رویہ کیا جا رہا ہے کیونکہ اس روڈ کو قاتل روڈ سے جانا جاتا ہے۔اس منصوبہ پر 50ارب روپے خرچ آئیں گے۔انہوں کہا کہ ہم عمران خان کی طرح بھڑکیں نہیں مارتے بلکہ ترقیاتی منصوبوں سے سیاسی مخالفین کو جواب دیتے ہیں کیونکہ ہمارا مقصد عوام کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلد جام پور کو ضلع کا درجہ دیا جائے گا جس سے عوام مسائل انکی دہلیز پر حل ہوں گے۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سردار شیر افگن گورچانی نے کہا کہ محمد پور دیوان کی تاریخ میں آج بڑا دن ہے کیونکہ یہاں پر 132 کے وی کا گریڈ اسٹیشن قائم کیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف وولٹیج کا مسئلہ حل ہو گا بلکہ انڈسٹری کو بھی وسعت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد یہاں پر ریسکیو 1122 اور ناردا سنٹربھی قائم کئے جائیں گے۔تقریب میں میپکو چیف ناصر ایاز گورمانی اور دیکر مقررین نے بھی خطاب اور منصوبہ کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات