&پی ٹی آئی کور کمیٹی کا جیل انتظامیہ کی جانب سے بانی چیئرمین کیساتھ رویے پر تحفظات کا اظہار

جمعہ 30 اگست 2024 21:20

oاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے جیل انتظامیہ کی جانب سے بانی چیئرمین کیساتھ رویے پر تحفظات کا اظہارکیا ہے اور قومی اسمبلی میں کوئی بھی آئین سے متصادم بل کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔پاکستان تحریک انصاف نے کور کمیٹی کا اعلامیہ جاری کردیا۔ اعلامیہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر 12 ربیع الاول مذہبی جوش و خروش سے منایا جائے گا،اسلام آباد سمیت صوبائی دارالحکومت میں ربیع الاول کے حوالے سے پروگرامات ہونگے۔

اعلامیہ کے مطابق جیل انتظامیہ کی جانب سے بانی چیئرمین کیساتھ رویے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا،کور کمیٹی نے آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بننے کے بانی چیئرمین کے فیصلے کو سراہا، 8 ستمبر کا جلسہ تاریخی جلسہ ہوگا، کمیٹیوں کو کام حوالے کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق قومی اسمبلی میں کوئی بھی آئین سے متصادم بل کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کوئی بھی بل جس سے عدلیہ کی آزادی متاثر ہوگی اس کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔اعلامیہ میںکہا گیا کہ این اے 181، این اے 154 اور این اے 79 میں دوبارہ گنتی میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی ہار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا،کور کمیٹی نے این اے 171 رحیم یار خان میں حسان مصطفی کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔