Live Updates

دوبارہ گنتی کے وقت ڈبوں پر جو سیل لگی ہوئی تھیں وہ تبدیل تھیں

الیکشن کے وقت کی سیل توڑ کر نئی سیل لگا دی گئی تھیں، پریزائیڈنگ افسران کو بلا کر پوچھا جائے کہ سیل کیسے تبدیل ہوئیں، این اے 79 گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں ہار جانے والے پی ٹی آئی امیدوار احسان اللہ ورک کا انکشاف

muhammad ali محمد علی ہفتہ 31 اگست 2024 00:38

دوبارہ گنتی کے وقت ڈبوں پر جو سیل لگی ہوئی تھیں وہ تبدیل تھیں
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اگست2024ء) این اے 79 گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں ہار جانے والے پی ٹی آئی امیدوار احسان اللہ ورک نے انکشاف کیا ہے کہ دوبارہ گنتی کے وقت ڈبوں پر جو سیل لگی ہوئی تھیں وہ تبدیل تھیں۔ تفصیلات کے مطابق ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران جیتی ہوئی نشست ہار جانے والے تحریک انصاف کے این اے 79 کے امیدوار احسان اللہ ورک کی جانب سے اہم انکشاف کیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما احسان ورک نے انکشاف کیا کہ 8 فروری کے الیکشن کے نتائج میں فتح حاصل کرنے کے بعد انہیں کہا گیا کہ ن لیگ میں شامل ہو جائیں۔ فون کالز کر کے کہا گیا ن لیگ میں شامل نہ ہوئے تو دوبارہ گنتی میں ہروا دیے جاو گے، میرے پاس فون کالز کے ثبوت بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان کا ساتھ چھوڑنے سے انکار کرنے پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں ہروا دیا گیا۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ دوبارہ گنتی کے وقت ڈبوں پر جو سیل لگی ہوی تھیں وہ تبدیل تھیں، الیکشن کے وقت کی سیل توڑ کر نئی سیل لگا دی گئی تھیں، پریزائیڈنگ افسران کو بلا کر پوچھا جائے کہ سیل کیسے تبدیل ہوئیں۔ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے انشا اللہ کامیابی ملے گی، آئندہ ماہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کروں گا۔ دوسری جانب اس حوالے سے تحریک انصاف کی جانب سے شدید ردعمل دیتے ہوئے اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے حکم پر کی جانے والی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران 12 ہزار سے زائد ووٹ مسترد کیے جانے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی جیت شکست میں بدل گئی۔ این اے 79 میں دھاندلی کی انتہاء کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایم این اے احسان اللہ ورک کے 104023 ووٹوں میں سے 12000 ووٹوں ریجیکٹ کر کے انہیں ہرا دیا گیا۔

ساڑھے 6 ماہ میں مسترد ووٹوں کی تعداد میں 14545 کا اضافہ ہوا اور 11ہزار442 ووٹ صرف احسان اللہ ورک کے مسترد ہوئے۔ تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دوبارہ گنتی والے تمام حلقوں میں ایک پیٹرن واضح ہے، مسترد ووٹوں کی تعداد میں اضافہ اور تحریک انصاف کے ووٹوں میں کمی دیکھی جاسکتا ہے، این اے 79 گوجرانوالہ میں بھی وہی پیٹرن ہے جو این اے 81، این اے 154 میں نظر آیا۔ مسترد ووٹ 9300 سے بڑھ کر 23 ہزار ہو گئے، تحریک انصاف کے احسان اللہ ورک کے ووٹ ایک لاکھ 4 ہزار سے کم ہو کر 92 ہزار ہو گئے اور بدترین دھاندلی کر کے یہ سیٹ بھی مسلم لیگ ن کو دے دی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات