سیلاب متاثرہ علاقہ گوٹھ محمد مراد منجھو میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد

اتوار 1 ستمبر 2024 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2024ء) ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد کاکڑ کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نصیر آباد ڈاکٹر محمد حسن ڈومکی کی ہدایت پر تحصیل تمبو کے علاقے منجوشوری بیرون میں سیلاب سے متاثرہ علاقہ گوٹھ محمد مراد منجھو میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔ میڈیکل کیمپ ڈاکٹر واجد علی کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹر سمیت پیرامیڈیکس نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔

میڈیکل کیمپ میں گوٹھ محمد مراد منجھو سمیت دیگر قریبی علاقوں سے بڑی تعداد میں خواتین ، مرد اور بچوں نے شرکت کی ۔ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹرز نے ان کا معائنہ کر کے انہیں ادویات بھی فراہم کیں جبکہ منجھو شوریٰ کے مختلف گوٹھوں جس میں گوٹھ میر گل حسن منجھو، گوٹھ پیار خان منجھو، گوٹھ نیک محمد منجھو میں موبائل میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ۔

(جاری ہے)

موبائل میڈیکل کیمپ میں بھی علاقے کے لوگوں کا علاج معالجہ کیا گیا اور انہیں ادویات فراہم کی گئیں جبکہ سیلاب سے متاثرہ حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کے لیے میڈیکل کٹس تقسیم کی گئیں ۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نصیر آباد ڈاکٹر محمد حسن ڈومکی، پی پی ایچ ائی کے ڈی ایس ایم فیصل اقبال کھوسہ اور ڈی ایس وی ثنا اللہ خان نے میڈیکل کیمپ اور موبائل میڈیکل کیمپوں کا دورہ کر کے جائزہ لیا ۔