زیتون کےپروسیسنگ پلانٹس کی تنصیب کے لئے میچنگ گرانٹس فراہم کی جائیں گی ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق محمود

بدھ 4 ستمبر 2024 17:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2024ء) حکومت تجارتی پیمانے پر زیتون کی کاشت کے فروغ ، کاشتکاروں اور ملک میں مائیکرو فارمنگ کمیونٹیز کی زرعی آمدنی میں اضافے کے لئے پروسیسنگ پلانٹس اور کنٹینرز کی تنصیب کے لئے میچنگ گرانٹ فراہم کرے گی۔پاکستان میں زیتون کی کاشت کے فروغ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق محمود نے ’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے پروسیسنگ پلانٹس کی تنصیب کے لئے میچنگ گرانٹس فراہم کی جائیں گی جس کا مقصد زرعی پیداوار کی مناسب پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن کو آسان بنانا اور مقامی کاشتکاروں کے لیے منافع کی منصفانہ شرح کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زیتون کے مقامی کاشتکاروں کو سٹوریج کنٹینرز کی خریداری کے لئے میچنگ گرانٹس بھی فراہم کی جائیں گی جس سے زیتون کے اضافی تیل کی پیداوار کے لئے معیار اور بین الاقوامی معیار کی پاسداری کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طارق نے کہا کہ رواں سال شجرکاری مہم کے دوران زیتون کے دس لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے جس سے مقامی خوردنی تیل کی پیداوار کو بڑھانے کی کوششوں میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیتون کے یہ پودے دو شجرکاری مہم کے دوران لگائے جائیں گے، پہلی مہم ستمبر سے نومبر تک اور دوسری مارچ سے اپریل تک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 5.6 ملین سے زائد پودے پہلے ہی لگائے جا چکے ہیں اور زیتون کے تیل کے لئے زیتون کے درختوں کی بڑے پیمانے پر کاشت کی جارہی ہے۔ ہر سال تقریبا 500،000 سے 800،000 نرسری پودے لگائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے ممکنہ علاقوں میں زیتون کی شجرکاری کی کوششوں کے علاوہ 10 ہزار ایکڑ رقبے پر ڈرپ ایریگیشن سسٹم نصب کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ عام زمین پر زیتون کی کاشت کو آسان اور مقامی کاشتکاروں کی زرعی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے۔