بھارت :آسام میں 28مسلمانوں کی شہریت ختم ، حراستی کیمپ منتقل

بدھ 4 ستمبر 2024 21:20

گوہاٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2024ء) بھارتی ریاست آسام کے ضلع بارپیٹا میں 28مسلمانوں کی شہریت ختم کرکے گرفتارکیاگیا اوربعد میں حراستی کیمپ منتقل کر دیا گیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بنگالی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 28مسلمانوں کو جنہیں پہلے غیر ملکی قراردیا گیا، پیر کے روز گرفتار کرکے حراستی کیمپ بھیج دیا گیا۔

حراستی کیمپ علاقے سے تقریبا 50کلو میٹر دور واقع ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان مسلمانوں کے اہلخانہ ایس پی دفتر کے باہر موجود تھے جب انہیں پولیس کی گاڑی میں لے جایاجارہا تھا اوروہ زاروقطار رورہے ہیں۔بارپیٹا کے ایک مقامی کارکن فاروق خان نے بتایاکہ ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 28خاندانوں کے ایک ایک فرد کو پیر کے روز دستخط کرنے کیلئے پولیس اسٹیشن بلایاگیا۔

(جاری ہے)

بعد میں انہیں ایس پی دفترلے جایاگیا اور زبردستی حراستی کیمپ بھیج دیا گیا۔واضح رہے کہ 22اگست کو آسام کے محکمہ داخلہ نے ریاستی اسمبلی کو بتایاکہ اب تک 54,411افراد کوٹربیونلز نے غیر ملکی قراردیا ہے۔ بھارت میں شہریت ترمیمی قانون کے نفاذ کے بعد مسلمانوں کی شہریت ختم کی جارہی ہے جبکہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو شہریت حاصل کرنے کے لئے سہولت فراہم کی جارہی ہے۔