لاہورہائیکورٹ، میڈیا ورکرزکوروڈا اسکیم میں پلاٹ دینے کی درخواست پر نوٹس جاری

پیر 9 ستمبر 2024 19:59

لاہورہائیکورٹ، میڈیا ورکرزکوروڈا اسکیم میں پلاٹ دینے کی درخواست پر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے میڈیا ورکرز کو روڈا اسکیم میں پلاٹ دینے کی دائر درخواست پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات پنجاب کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کے روبرو میڈیا ورکرز آرگنائزیشن کے صدر نصیب علی تبسم کی جانب سے مرید علی بھٹہ ایڈوکیٹ نے دائر درخواست میں پنجاب حکومت اور سیکرٹری اطلاعات پنجاب کو فریق بنایا اور موقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ہر سکیم میں میڈیا ورکرز کو شامل کیا گیا ہے،جس میں ہیلتھ انشورنس اور ہاوسنگ سکیم بھی شامل ہیں،تاہم پنجاب میں تمام مراعات کا اعلان صرف صحافیوں کے لیے کیا گیا ہے جبکہ تمام اسکیموں میں میڈیا ورکرز کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے،عدالت نے سیکرٹری اطلاعات پنجاب کو دو ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا،تاہم عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ روڈا سکیم میں میڈیا ورکرز کو بھی شامل کرنے کا حکم دیا جائے اور دیگر سکیموں میں بھی انہیں شامل کرنے کی ہدایت کی جائے،عدالت نے سماعت کے دوران سیکرٹری اطلاعات پنجاب کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے اور دو ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم برقرار رکھا۔