اگست میں اوورسیز پاکستانیوں نے 2 ارب 94 کروڑ ڈالر وطن بھیجے

امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے اگست میں 32 کروڑ ڈالر اپنے پیاروں کو بھیجے، سٹیٹ بینک

پیر 9 ستمبر 2024 22:05

اگست میں اوورسیز پاکستانیوں نے 2 ارب 94 کروڑ ڈالر وطن بھیجے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2024ء) اوورسیزپاکستانیوں نے ایک ماہ میں 2 ارب 94 کروڑ ڈالر وطن بھیج دئیے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں اگست2024 میں ترسیلات زر میں 41 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق ایک ماہ میں اوورسیز پاکستانیوں نے 2 ارب 94 کروڑ ڈالر وطن بھیجے اور اگست2023 کے مقابلے میں اگست 2024 میں ترسیلات زر میں 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جولائی اور اگست میں پاکستانی محنت کشوں نے 5 ارب 90 کروڑ ڈالر وطن بھیجے۔اگست میں سعودیہ سے سب سے زیادہ 71 کروڑ 30 لاکھ ڈالر موصول ہوئے جبکہ یواے ای سے 54 کروڑ اور برطانیہ سے 47.5 کروڑ ڈالر وطن آئے۔امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے اگست میں 32 کروڑ ڈالر اپنے پیاروں کو بھیجے۔