جشن عید میلاد النبی ؐ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا، خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 12 ستمبر 2024 21:16

جشن عید میلاد النبی ؐ  مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، سیکیورٹی ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2024ء) پنجاب کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے چیئرمین و صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول عید میلاد النبی ؐ کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا،اس موقع پر صوبہ بھر میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے بہترین سیکورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق عید میلاد النبی ؐکے پرامن انعقاد کے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے چیئرمین خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں صوبائی وزیربلال اکبرخان،سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل اوردیگر نے جمعرات کو یہاں ملتان کا دورہ کیا اورکمشنر آفس میں عید میلاد النبی ؐکے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم رانا سکندرحیات، صوبائی وزیرشیرعلی گورچانی اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعےشرکت کی۔متعلقہ حکام نے شرکاء کوعید میلاد النبیؐ کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ ملتان میں 217 جلوس اور44 محافل میلاد منعقد ہوں گی،بہاولپورمیں 170جلوس،190محافل،ڈی جی خان میں 195 جلوس اور170 محافل منعقد ہوں گے،محافل و جلوسوں کے پرامن انعقاد کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پرصوبہ بھرمیں خود جا کرعید میلاد النبی ؐکے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں،عید میلاد النبی ؐکو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے بہترین سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں،محکمہ داخلہ پنجاب میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے،عید میلاد النبی کے تمام مرکزی جلوسوں اور محافل میلاد کیلئے سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، کمشنروآر پی اوملتان سمیت،بہاولپور اور ڈی جی خان کے کمشنرزاورآر پی اوز نے بھی شرکت کی۔