جعلی دستاویزات پر سفر، آذربائیجان سے پاکستان پہنچے والا ملزم گرفتار

جمعہ 13 ستمبر 2024 18:31

جعلی دستاویزات پر سفر، آذربائیجان سے پاکستان پہنچے والا ملزم گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2024ء) ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم آذربائیجان سے پاکستان پہنچا تھا، امیگریشن کلیئرنس کے دوران شک کی بنیاد پر ملزم کے سامان کی تلاشی لی گئی جس سے اسپین کا جعلی پاسپورٹ برآمد ہوا۔

پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کو سیکنڈ لائن آفس کے فرانزک عمل سے گزارا گیا تو پاسپورٹ جعلی نکلا، پاسپورٹ پر ضروری سیکیورٹی خصوصیات موجود نہ تھیں۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم 2 ماہ قبل عمرے کی غرض سے پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب گیا تھا۔ ملزم نے مذکورہ سفری دستاویزات پر سعودی عرب سے اسپین جانے کی کوشش کی مگر ناکام ہوا۔مزید برآں، ملزم نے انکشاف کیا کہ سیالکوٹ میں مقیم مبین نامی ایجنٹ سے ویزا، ٹکٹس اور دیگر دستاویزات کا بندوبست کیا، اس مقصد کے لیے ملزم نے مذکورہ ایجنٹ کو 5 لاکھ ایڈوانس ادا کیے جبکہ 32 لاکھ روپے باکو پہنچنے پر ادا کیے جانے تھے۔ملزم کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔#