وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس

جمعہ 13 ستمبر 2024 21:55

وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2024ء) وزیر صحت و چیرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، معاون خصوصی ذیشان ملک اور راولپنڈی ڈویژن سے اراکینِ اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں شمالی پنجاب میں مجموعی امن و امان اور عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امن و امان کی صورتحال اور حکومتی اقدامات بارے بریفنگ دی۔ چیرمین کابینہ کمیٹی و وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مکمل مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا اور حکومت پنجاب صوبہ بھر میں شرکائ کو عیدِ میلاد کی مناسبت سے مشروب اور مٹھائیاں پیش کریگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عیدِ میلاد کے پرامن انعقاد کیلئے تمام اضلاع میں امن کمیٹیوں اور منتظمین کی مشاورت سے سکیورٹی و دیگر انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عید میلاد کے پرامن انعقاد کیلئے کسی نئی انوویشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صوبہ بھر میں تمام مرکزی جلوسوں کے روٹس اور محافل میلاد کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔

کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، آر پی او بابر سرفراز الپا اور سی پی او سید خالد ہمدانی نے راولپنڈی ڈویڑن میں کیے گئے تمام انتظامات بارے بریفنگ دی۔ راولپنڈی ڈویژن سے تمام ڈی سیز اور ڈی پی اوز نے بھی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے جلوس کے راستوں سے ملحقہ متبادل روٹس بنائے گئے ہیں اور ضروری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔