شیرافضل مروت کو کسی بھی مقدمے میں بغیر اجازت گرفتار کرنے سے روک دیا گیا

ہفتہ 14 ستمبر 2024 22:24

شیرافضل مروت کو کسی بھی مقدمے میں بغیر اجازت گرفتار کرنے سے روک دیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2024ء) اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق رہنما تحریکِ انصاف شیر افضل مروت کو کسی بھی مقدمے میں بغیر اجازت گرفتار کرنے سے روک دیا گیا۔ہفتہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی جسٹس سمن رفعت امتیاز نے شیر افضل مروت کو کسی بھی مقدمے میں بغیر اجازت گرفتار کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے سماعت کے دوران سیکریٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب اور ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کر دیے۔

(جاری ہے)

عدالت نے فریقین کو شیر افضل مروت کی درخواست پر پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔جسٹس سمن رفعت امتیاز نے شیر افضل مروت کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری بھی کر دیا۔عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق شیر افضل مروت کو کسی خفیہ مقدمے میں گرفتاری کا خدشہ ہے، انہیں عدالت کی اجازت کے بغیر کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔واضح رہے کہ شیر افضل مروت نے وکلاء عادل عزیز قاضی اور ریاست علی آزاد کے ذریعے درخواست دائر کی تھی۔

متعلقہ عنوان :