دبئی میں غیرقانونی مقیم تارکین کیلئے مہلت کی آخری تاریخ بتادی گئی

وہ غیرملکی جن کی کمپنیوں یا اداروں کی جانب سے اقامے کی تجدید کسی وجہ سے نہیں کرائی گئی ایسے کیسز کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا تاکہ وہ جلد از جلد دوسری جگہ ملازمت حاصل کرسکیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 15 ستمبر 2024 09:50

دبئی میں غیرقانونی مقیم تارکین کیلئے مہلت کی آخری تاریخ بتادی گئی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر 2024ء ) دبئی میں غیرقانونی مقیم تارکین کیلئے بغیر کسی جرمانہ لیگل ہونے کی آخری تاریخ بتادی گئی۔ خلیجی اخبار الامارات الیوم کے مطابق دبئی میں غیرملکیوں کے امور کے ادارے کے معاون ڈائریکٹر بریگیڈیئرصلاح القمزی نے کہا ہے کہ امارات میں مقیم ایسے غیرملکی جن کے اقامے ایکسپائرڈ ہیں یا ان کی کمپنیوں نے اقاموں اور ورک پرمٹ کی تجدید نہیں کرائی انہیں دو ماہ کی مہلت دی گئی ہے، جو 30 اکتوبرکو ختم ہو جائے گی۔

غیرملکیوں کے امور کے ادارے کے معاون ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ اقامہ قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کے لیے شروع کی گئی بنا کسی جرمانے کے لیگل ہونے کی مہم میں ان افراد کو ترجیح دی جائے گی جن کے اقامے اور ورک پرمٹ میں ان کی کمپنیوں کی طرف سے تاخیر کے باعث تجدید یا اجراء نہیں ہو سکا، دبئی میں مقیم ایسے غیرملکی جن کے اقامے ایکسپائرڈ ہیں یا ان کی کمپنیوں نے اقاموں اور ورک پرمٹ کی تجدید نہیں کرائی انہیں دو ماہ کی مہلت دی گئی ہے جو 30 اکتوبرکو ختم ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر بریگیڈیئرصلاح القمزی نے کہا کہ مہلت کے دوران غیرملکی اپنے قیام کو قانونی شکل دینے کے لیے متعلقہ ادارے سے رجوع کریں تاکہ انہیں جرمانوں کا سامنا نہ کرنا پڑے، یومیہ بنیاد پر ادارے کے اکاؤنٹس پر درخواستیں موصول ہو رہی ہیں، بیشتر غیرملکیوں کی خواہش ہے کہ وہ اپنے قیام کو قانونی شکل دینے کے بعد امارات میں ہی قیام کریں، وہ غیرملکی جن کی کمپنیوں یا اداروں کی جانب سے اقامے کی تجدید کسی وجہ سے نہیں کرائی گئی ان کے معاملات کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا تاکہ وہ جلد از جلد دوسری جگہ ملازمت حاصل کرسکیں۔