باہمی تعاون سے ہی ملک میں جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرسکتے ہیں، وزیراعظم

آئینی اقدارکی پاسداری، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کا ہمارا عزم غیرمتزلزل ہے، جمہوری اقدار پر عملدرآمد ہمارے قومی طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے۔ جمہوریت کے عالمی دن پر پیغام

Sajid Ali ساجد علی اتوار 15 ستمبر 2024 10:54

باہمی تعاون سے ہی ملک میں جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرسکتے ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی اور اس کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، باہمی تعاون سے ہی ہم جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جمہوریت کے عالمی دن کے موقع جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حکومت کا آئینی اقدارکی پاسداری، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم غیر متزلزل ہے، جمہوری اقدار پر عملدرآمد ہمارے قومی طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے، منصفانہ، مساوی اور جامع عالمی معاشرے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں، باہمی تعاون سے ہی ہم جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرسکتے ہیں۔

اسی دن کی مناسبت سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی اپنا پیغام جاری کیا، جس میں ان کا کہنا ہے کہ روشن مستقبل جمہوری عمل کے تسلسل اور اداروں کے استحکام سے جڑا ہے، ہمیں باہمی اختلافات بھلاکر جمہوری اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، ماضی میں باربار جمہوری عمل میں تعطل پیدا کیا گیا، جمہوری عمل میں تعطل سے سیاسی عدم استحکام اور معاشی بدحالی پیدا ہوئی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے رہنماء نے مزید کہا کہ ہم سب کومل کرجمہوری عمل کے فروغ اورمعاشی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا، ترقی کا کوئی بھی شعبہ ہو آج عالمی مسابقت میں پاکستان بہت پیچھے ہے، ہمیں محنت، جدت، معیار اور علم پرمبنی معیشت کو فروغ دینا ہوگا، ہمارا پختہ عزم ہے کہ پاکستان کو 2035ء تک 1 ہزارارب ڈالرکی معیشت بنائیں، اس عمل کی تکمیل کے لیے جمہوری استحکام اورپالیسیوں میں تسلسل کی ضرورت ہے، جمہوری عمل ترقی کے ساتھ مربوط کرنا ہوگا، یہی بقا اور کامیابی کا راستہ ہے۔