چوہدری شافع حسین نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی علامہ اقبال ٹاؤن میں 19سینٹرز آف ایکسیلینس بنانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

بدھ 18 ستمبر 2024 21:38

چوہدری شافع حسین نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی علامہ اقبال ٹاؤن میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2024ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی علامہ اقبال ٹاؤن میں 19سینٹرز آف ایکسیلینس بنانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔منصوبے کے تحت ٹیوٹا کے 16اور پنجاب ووکیشنل اینڈ ٹریننگ کونسل کے 3اداروں میں سینٹرز آف ایکسیلینس بنیں گے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 19سینٹرز آف ایکسیلینس بنیں گے اور اس منصوبے پر 5ارب روپے لاگت آئے گی ۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام کا منصوبہ ہنر مند افرادی قوت کی تیاری میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔منصوبے کی تکمیل سے ان اداروں کی استعداد کار اور پیشہ ورانہ فنی مہارت میں اضافہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

ان تمام سینٹرز آف ایکسیلنس میں جدید خطوط پر استوار سی بی ٹی اے پر مبنی کورسز کروائے جائیں گے ۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ اس پراجیکٹ کے تحت ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن تک رسائی آسان ہوگی۔نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔اس پراجیکٹ کے تحت 8مختلف ترجیحی اقتصادی شعبہ جات کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں انفارمیشن کمیونیکیشن،ٹیکنالوجی،صحت اور مہمان نوازی،تعمیرات،ٹیکسٹائل اینڈ گارمنٹس،لائٹ انجینئرنگ،ایگرکلچر فارم مشینری اور جراحی کے آلات،آٹوموبائل،آٹو بائک اسمبلنگ اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبے شامل ہیں۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہاکہ سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کے لئے سینٹرز آف ایکسیلنس بنانے کا انقلابی منصوبہ شروع کیا گیا ہے ۔قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 630ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی بنایا جارہا ہے ۔گارمنٹ سٹی میں چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری منتقل ہوگی اور نئے کارخانے بھی لگیں گے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ چین کی کمپنیاں اسی سال پنجاب میں سولر پینلز مینوفیکچرنگ اور الیکٹرک وہیکلز بنانے کے کارخانے لگائیں گی۔

تمام ادارے محنت اور لگن سے کام کریں تو آئی ایم ایف سے قرض لینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ٹیوٹا کے اداروں میں پہلی بار سولر سٹڈی کا آغاز کیا گیا ہے اور ٹیوٹا کے اداروں کو اپ گریڈ کرنے کے منصوبے کا آغازکردیاگیاہے۔چیئرپرسن وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس برائے فنی تعلیم عدنان افضل چھٹہ نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے سکل ڈویلپمنٹ کے بڑے منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے شروع کئے گئے اس پراجیکٹ سے 37ہزار بچے مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ چیف منسٹرسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آئی ٹی کے شارٹ کورسز مفت کرائے جا رہے ہیں۔ صوبائی سیکریٹری صنعت وتجارت احسان بھٹہ نے کہاکہ 64فیصد نوجوانوں کی آبادی بوجھ نہیں ملک کا مستقبل ہے۔نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر ملک کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ گارمنٹ سٹی میں بچیوں کو پک اینڈ ڈراپ کی مفت سہولت دی گئی ہے اور انہیں 20ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیاجا رہا ہے۔انہوں نے مزیدبتایاکہ سیالکوٹ اور میاںچنوں میں سینٹرز آف ایکسیلینس دسمبر تک مکمل ہوجائیں گے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ذوہیب نے منصوبے کے خدو خال پر روشنی ڈالی۔