انڈرگریجویٹ سطح میں اردو کبھی بھی لازمی مضمون نہیں رہا، ایچ ای سی

جمعرات 26 ستمبر 2024 22:46

انڈرگریجویٹ سطح میں اردو کبھی بھی لازمی مضمون نہیں رہا، ایچ ای سی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2024ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے انڈر گریجویٹ سطح پر اردو کو لازمی مضمون کے طور پر خارج کرنے کے حوالے سے اطلاعات پر وضاحت کی ہے کہ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ انڈرگریجویٹ سطح میں اردو کبھی بھی لازمی مضمون نہیں رہا۔ تاہم، یہ مضمون ثانوی اعلیٰ تعلیم تک کی سطح یعنی انٹرمیڈیٹ/ مساوی پر پڑھایا جاتا ہے جو ابھی تک برقرار ہے۔

مزید برآں، یہ واضح کیا جاتا ہے کہ ایچ ای سی انڈرگریجویٹ ایجوکیشن پالیسی والیم 1۔1 کی تشکیل کے دوران تمام اہم اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی اور اسی کے مطابق پالیسی کو حتمی شکل دی گئی۔ یہ بھی واضح رہے کہ انڈر گریجویٹ سطح پر اردو کے شعبہ میں ایک مکمل خصوصی ڈگری پروگرام پیش کیا جاتا ہے جس کے لیے ایچ ای سی نے نصاب تیار کیا ہے جو ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

تمام انڈرگریجویٹ ڈگری پروگراموں بشمول ایسوسی ایٹ ڈگریوں میں عمومی تعلیم کے جزو کے لیے کم از کم بتیس کریڈٹس درکارہیں۔ جہاں تک اختیاری مضامین کا تعلق ہے، یونیورسٹیاں ضرورت پڑنے پر اردو سمیت مزید کورسز شامل کر سکتی ہیں جن کے لیے ایچ ای سی کی طرف سے کوئی پابندی نہیں ہے۔ پالیسی کا بنیادی مقصد تعلم کو فروغ دینا ہے، جس کے پیچھے یہ تصور کافرما ہے کہ طلباء علم میں علم کے مفہوم کو سمجھنے اور اس کا اطلاق کرنے، پیشہ ورانہ مہارتوں اور قابلیتوں کو حاصل کرنے، اور رواداری کی مضبوط شہری اور اخلاقی اقدار کے حامل معاشرے کے فرد کے طور پر کام کرنے کی صلاحیت پیدا ہو۔

ایچ ای سی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے یونیورسٹیوں کی مدد کے لیے پرعزم ہے کہ انڈر گریجویٹ سطح پر دی جانے والی تعلیم بین الاقوامی معیار پر پورا اترتی ہو اور ملک کی ضروریات سے مطابقت رکھتی ہو۔

متعلقہ عنوان :