اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ ایمان کا قاتل گرفتار، اندھے قتل کا سراغ لگا لیا گیا

طالبہ ایمان کا سفاک قاتل جھنگ سے گرفتار، ریپ اور چوری کے مقدمات میں بھی سابقہ ریکارڈ یافتہ نکلا

پیر 16 جون 2025 23:03

اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ ایمان کا قاتل گرفتار، اندھے قتل کا سراغ لگا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء)انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان کے اندھے قتل میں ملوث سفاک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم فیروز جھنگ کا رہائشی ہے اور واردات کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم "کائنات گرلز ہاسٹل" میں واردات کی نیت سے داخل ہوا تھا جہاں اس نے گولی چلا کر طالبہ کو بے دردی سے قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد جواد طارق نے "ریسکیو 15" پر ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے طالبہ ایمان کے ناحق قتل میں ملوث ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی انوسٹی گیشنز، ایس پی انڈسٹریل ایریا، ڈی ایس پی سی آئی اے اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی کے مطابق ملزم واردات کے فورا بعد فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے جائے وقوعہ، گرد و نواح کی عمارات اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ویڈیوز اور شواہد اکٹھے کیے، ساتھ ہی ہیومن انٹیلی جنس اور ملزم کے سکیچز کی مدد سے اسے گرفتار کیا گیا۔حیران کن طور پر گرفتار ملزم نہ صرف اس قتل کیس میں ملوث نکلا بلکہ اس کے خلاف ریپ اور موٹرسائیکل چوری جیسے سنگین جرائم میں بھی ماضی میں مقدمات درج ہیں۔ڈی آئی جی جواد طارق کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے اور اسے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے جرائم کی سزا پا سکے۔