پنجاب کے ہرضلع میں 2 سے 4 سکولز کو سکول آف ایمنینس قرار دینے کا فیصلہ

بدھ 9 جولائی 2025 22:54

پنجاب کے ہرضلع میں 2 سے 4 سکولز کو سکول آف ایمنینس قرار دینے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت سکولوں کی بہتری کے حوالے سے ایک ہفتے کے دوران دوسرا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر کے تمام سی ای اوز ایجوکیشن نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم نے تمام سی ای اوز کو ہدایت کی کہ سکولوں کی بہتری کیلئے اقدامات تیز کیے جائیں اور ہر ضلع میں 2 سے 4 سکولز کو ''سکول آف ایمنینس'' قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان سکولز کو دیگر اداروں کے لیے ماڈل بنانا ہوگا۔اجلاس میں گرلز سکولوں میں ڈے کیئر سنٹرز کے قیام، سائنس اور کمپیوٹر لیبز کی بہتری، کھیل کے میدان، معیاری فرنیچر، صاف پانی، اور مکمل چار دیواری جیسی سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا گیا۔ رانا سکندر حیات نے ہدایت دی کہ کم لاگت میں معیاری کام کیا جائے، جہاں ضرورت ہو ہاسٹل سہولت بھی دی جائے، اور سرپلس فرنیچر کی مرمت کو ترجیح دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سکولوں کی انرولمنٹ بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے اور تمام جاری اسکیموں کو 15 جولائی تک حتمی شکل دے کر ریویو کے لیے پیش کیا جائے۔