شان مسعود پاکستان کی جانب سے دوسری تیز ترین ٹیسٹ سنچری سکور کرنیوالے کپتان بن گئے

شان مسعود نے انگلینڈ کیخلاف ملتان ٹیسٹ کے پہلے روز محض 102 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 7 اکتوبر 2024 14:22

شان مسعود پاکستان کی جانب سے دوسری تیز ترین ٹیسٹ سنچری سکور کرنیوالے ..
ملتان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 اکتوبر 2024ء ) پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں میزبان انگلینڈ کے خلاف پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 210 رنز مکمل کر لیے۔ ملتان جاری ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر صائم ایوب 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان شان مسعود 4 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری سکور کرنے میں کامیاب ہوگئے، اوپنر عبداللہ شفیق نصف سنچری بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

شان مسعود کے 102 گیندوں پر 100 رنز آسٹریلیا کے خلاف مصباح الحق کے 56 گیندوں پر 100 کے بعد ٹیسٹ میں کسی بھی پاکستانی کپتان کی دوسری تیز ترین سنچری ہے۔ یاد رہے کہ انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کی غیر موجودگی میں اولی پوپ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں جب کہ بیٹے کی پیدائش کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کیے جانے والے قومی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیم میں 2 اسپنر اور 3 فاسٹ باؤلرز ہیں، انگلش کپتان اولی پوپ نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ ہی کرتے۔ پاکستان پلینگ الیون میں شان مسعود (کپتان) ، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔ انگلینڈ پلینگ الیون میں اولی پوپ (کپتان)، زیک کرالی، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ (وکٹ کیپر)، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، برائیڈن کارس(ڈیبیو)، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔