لبنان کے لیے بین الاقوامی ڈونر کانفرنس 24اکتوبر کو منعقد کی جائے گی. فرانسیسی وزارت خارجہ

وزارتی کانفرنس لبنان کے شراکت دار ممالک، اقوام متحدہ، یورپی یونین، بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں اور سول سوسائٹی پر مشتمل ہوگی. بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 10 اکتوبر 2024 14:41

لبنان کے لیے بین الاقوامی ڈونر کانفرنس 24اکتوبر کو منعقد کی جائے گی. ..
پیرس(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 اکتوبر ۔2024 ) فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ لبنان کے لیے بین الاقوامی ڈونر کانفرنس 24اکتوبر کو منعقد کی جائے گی تاکہ لبنانی عوام کی مدد اور ملکی اداروں کی مدد کے لیے بین الاقوامی برادری کی صفوں کو متحرک کیا جا سکے. وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ وزارتی کانفرنس لبنان کے شراکت دار ممالک، اقوام متحدہ، یورپی یونین، بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں اور سول سوسائٹی پر مشتمل ہوگی فرانسیسی صدر نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ یہ کانفرنس جلد ہوگی تاہم اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تھا.

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ کہ اس کانفرنس کا مقصد بین الاقوامی برادری کی صفوں کو متحرک کرنا ہے تاکہ لبنان کے عوام کی فوری تحفظ اور امدادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے اور لبنانی اداروں بالخصوص لبنانی مسلح افواج کی مدد کے طریقوں کی نشاندہی کی جا سکے جو کہ اندرون ملک استحکام کی ضمانت دیتے ہیں. وزارت خارجہ نے کہا کہ ایک خطرناک اور گہرے سیاسی اور انسانی بحران کے تناظر میں فرانس اس کانفرنس کے ذریعے لڑائی روکنے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701کی بنیاد پر ایک سفارتی حل تک پہنچنے کی فوری ضرورت پر توجہ مرکوز کرے گا.

انہوں نے کہا کہ لبنان میں صدر کا انتخاب سیاسی اداروں میں نظم و ضبط کی واپسی کی طرف پہلا قدم ہے لبنان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، تشدد میں 23 ستمبر سے اب تک دو ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں.