Live Updates

میں نے کرپشن کے سارے راستے بند کردیئے‘ لوگ آج پنجاب کی ترقی کی مثال دیتے ہیں، مریم نواز

ہم نے سب کچھ اپنے پیسے سے کیا کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلایا، دکھ درد میں عوم کا ساتھ دینا میں نے نواز شریف اور شہباز شریف سے سیکھا ہے؛ وزیراعلیٰ پنجاب کا دیپالپور میں فلڈ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 اکتوبر 2025 15:03

میں نے کرپشن کے سارے راستے بند کردیئے‘ لوگ آج پنجاب کی ترقی کی مثال ..
دیپالپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں نے کرپشن کے تمام راستے بند کر دیئے ہیں، یہ اللہ کی دین اور شکر ہے آج لوگ پنجاب کی مثال دیتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع اوکاڑہ کے علاقہ دیپالپور میں فلڈ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار پنجاب میں تاریخ کا بدترین سیلاب آیا، بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے شہریوں کا ہر قسم کا نقصان ہوا، جو قیامت کے مناظر دیکھے وہ تکلیف دہ تھے اور دل دہل جاتا ہے، آپ سب ان خاندانوں میں سے ہیں جنہوں نے یہ تکلیف دیکھی ہے جنہوں نے یہ قیامت کے مناظر دیکھے ہیں، کسی کی فصلوں کا نقصان ہوا، کسی کے جانور بہہ گئے، کسی کا گھر تباہ ہوا لیکن اس بدترین سیلاب کے باوجود پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی تاریخی خدمت کی ہے۔

(جاری ہے)

مریم نواز کا کہنا ہے کہ آفت کے دوران آپ کی وزیراعلیٰ اور حکام ایک دن دفتر میں نہیں بیٹھے بلکہ سب نے آفت زدہ علاقوں میں رہ کر خدمت کی، اللہ کا شکر ہے کہ آج چیک تقسیم کررہے ہیں اور دوبارہ آبادکاری کا سفر شروع ہوگیا، آپ کی گھروں کو واپسی پر آپ سے زیادہ میں خوش ہوں، 10 ہزار افراد کو سروے پر لگایا اور لوگوں کے نقصان کا ازالہ کرنا شروع کردیا ہے، میری موجودگی میں پنجاب کے عوام کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کہتی ہیں کہ ہم نے متاثرین کو مہمان سمجھا اور ہر طرح کی خدمت کی، ہم نے سب کچھ اپنے پیسے سے کیا کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلایا اور عوام کی عزت نفس کا بھی خیال رکھا، آج عزت کے ساتھ متاثرین کو گھروں کو واپس بھیج رہے ہیں، متاثرین کی بحالی کے لیے 100 ارب روپے رکھے ہیں جس کی شفافیت سے تقسیم ہوگی، متاثرین کے لیے 71 ہزار بینک اکاؤنٹس بنائے ہیں، آج سب پنجاب کی مثال دے رہے ہیں، جو ترقی بڑے شہروں میں آتی ہے وہ چھوٹے شہروں میں بھی آنی چاہیئے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات