پی سی بی نے نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا

علیم ڈار، عاقب جاوید، اسد شفیق، اظہر علی کے علاوہ حسن چیمہ بھی سلیکشن کمیٹی میں شامل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 11 اکتوبر 2024 14:24

پی سی بی نے نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 اکتوبر 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دے دی۔ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کے سابق ایلیٹ امپائر علیم ڈار، عاقب جاوید، اسد شفیق، اظہر علی کے علاوہ حسن چیمہ پر مشتمل سلیکشن کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ اس سے پہلے محمد یوسف، اسد شفیق، کپتان اور ہیڈ کوچ سلیکشن کمیٹی کا حصہ تھے تاہم اب انہیں باقاعدہ ممبر نہیں بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب کپتان اور ہیڈ کوچز سے ٹیم سلیکشن پر مشاورت ہوگی۔ قبل ازیں سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف کے سلیکشن کمیٹی سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ یہ اعلان قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سامنے آیا ہے جسے حال ہی میں ملتان میں پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

انگلینڈ نے پاکستان کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 47 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔

ملتان ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز 6 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز کیا، آغا سلمان اور آل راؤنڈر عامر جمال کی مزاحمت جاری ہے، دونوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 109 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ مڈل آرڈر بیٹر آغا سلمان 63 کے انفرادی سکور پر وکٹ گنوا بیٹھے، بعد ازاں شاہین شاہ آفریدی 8 نسیم شاہ 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عامر جمال 55 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلیںڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔