یو این کی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے رکاوٹوں سے پاک تعمیرات سے متعلق پہلی خصوصی قرارداد کی منظوری

جمعہ 11 اکتوبر 2024 17:18

یو این کی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے رکاوٹوں سے پاک تعمیرات سے متعلق ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2024ء) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 57 ویں اجلاس میں پاکستان اور ترکیہ سمیت 30 ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے چین کی جانب سے پیش کی گئی تمام لوگوں کیلئے انسانی حقوق سے لطف اندوز ہونے کیلئے رکاوٹوں سے پاک تعمیرات کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ یہ پہلی دفعہ ہے کہ اقوام متحدہ نے اس موضوع پر قرارداد منظور کی ہے۔

جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر اور سوئٹزرلینڈ میں دیگر بین الاقوامی تنظیموں میں چین کے مستقل مندوب سفیر چن شو نے مسودہ قرارداد سے آگاہ کرتے ہوئے یہ امید ظاہر کی کہ تمام فریق سب کیلئے رسائی پر اتفاق رائے پیدا کریں گے اور مشترکہ طور پر اس نصب العین کو فروغ دیں گے۔کیوبا، ڈومینیکا، بینن سمیت دیگر ممالک نے واضح کیا کہ یہ قرارداد معذور افراد اور بزرگوں سمیت دیگر گروہوں کو سماجی زندگی میں یکساں طور پر حصہ لینے اور انسانی حقوق سے لطف اندوز ہونے کی ضمانت فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

یہ رکاوٹوں سے پاک نصب العین کی سمت کی مکمل عکاسی کرتی ہے اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی نصب العین کی صحت مند اور طویل مدتی ترقی کو فروغ دینے کیلئے موزوں ہے۔ یکم ستمبر 2023 سے عوامی جمہوریہ چین کا رکاوٹ سے پاک ماحولیاتی تعمیراتی قانون باضابطہ طور پر نافذ العمل ہے، یہ چین کا رسائی کے شعبے میں پہلا جامع قانون ہے۔