Live Updates

ایران جنگ جلد بازی میں ختم نہیں کریں گے

ایسا نہیں ہونے دیں گے کہ ایرانی رجیم پھر سے کھڑی ہوجائے، دنیا میں کسی پاگل کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

muhammad ali محمد علی ہفتہ 2 مئی 2026 23:22

ایران جنگ جلد بازی میں ختم نہیں کریں گے
واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔02 اپریل 2026ء ) امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایران جنگ جلد بازی میں ختم نہیں کریں گے ، ایسا نہیں ہونے دیں گے کہ ایرانی رجیم پھر سے کھڑی ہوجائے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسپیکر مائیک جانسن اور سینیٹ کے صدر کو خط لکھ کر موقف اختیار کیا ہے کہ جنگ کیلئے کانگریس کی منظوری ضروری نہیں ۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ امریکا خطے میں پائیدار امن کیلئے کوشاں ہے، ایران سے تنازع مکمل طور پر حل نہیں ہوا، اب بھی صورتحال غیریقینی ہے۔

امریکا اور ایران جنگ اب ختم ہوگئی لیکن ممکنہ فوجی کارروائی کا امکان مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ایران کے پاس کسی صورت ایٹمی ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں، دنیا میں کسی پاگل کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، ایران جنگ جلدبازی میں ختم نہیں کریں گے، ایسا نہیں ہونے دیں گے کہ ایرانی رجیم پھر سے کھڑی ہوجائے ، امریکی فوج آبنائے ہرمز میں ایرانی تیل کے ٹینکر واپس بھیج رہی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی بحریہ نے قزاقوں کی طرح ایرانی جہاز پر قبضہ کیا۔ آبنائے ہرمز سے اگر 400 جہاز باہر نکل آئے تو تیل قیمتیں کم ہوجائیں گی۔ جب ایران نے آبنائے ہرمز بند کی تو ہم نے تہران کیلئے بھی بند کردی۔ دوسری جانب ایرانی نائب وزیرخارجہ کاظم غریب آبادی نے تہران میں غیرملکی سفیروں کو بریفنگ میں بتایا کہ ایران نے جنگ کے مستقل خاتمے کیلئے امن منصوبہ پاکستان کو پیش کردیا۔

گیند اب امریکا کے کورٹ میں ہے وہ سفارتکاری یا محاذآرائی کا انتخاب کرسکتا ہے۔ایران کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیا رہے، واشنگٹن پر منحصر ہے کہ وہ پاکستان کے ذریعے بھیجی گئی تجویز پر کیا ردعمل دیتا ہے؟قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ جبکہ الجزیرہ ٹی وی کے مطابق ایرانی نائب وزیر خارجہ علی باقری کنی نے تصدیق کی ہے کہ تہران نے پاکستان کو ایک نئی تجویز پیش کی ہے جس کا مقصد اس جنگ کو ختم کرنا ہے جسے وہ "ملک پر مسلط کردہ جنگ" قرار دیتے ہیں۔

یہ تجویز یکم مئی 2026 کو پاکستانی ثالثوں کے ذریعے پیش کی گئی، جو کہ امریکی ترامیم کے جواب میں ایران کی جانب سے ایک نئی پیشکش ہے تاکہ جاری امن مذاکرات میں موجود تعطل کو ختم کیا جا سکے۔ جبکہ امریکی میڈیا کے مطابق نئی تجویز میں امریکی ناکہ بندی کو اور دیگر امریکی پابندیوں میں ریلیف کے بدلے ایران کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے اور آبنائے ہرمز کو کھولنے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا ہے۔

نئی ایرانی تجویز میں آبنائے ہرمز کو کھولنے کی شرائط پر بات کرنے کی پیشکش کی گئی ہے جبکہ شرائط میں امریکا سے ایران پر حملوں اور ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کو ختم کرنے کی ضمانت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ایران کا مطالبہ تھا کہ امریکا مذاکرات کی پیشگی شرط کے طور پر اس کی ناکہ بندی ختم کرے اور آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام اور اس کے جوہری پروگرام پر بات چیت سے قبل جنگ کے خاتمے کی شرائط پر اتفاق کرے۔ تاہم ایران نے نئی تجویز میں نرمی کر دی ہے۔ جبکہ ایران نے پاکستان کو آگاہ کیا ہے کہ اگر امریکا نئی تجویز پر بات چیت کرنا چاہتا ہے تو ہم پاکستان میں اگلے ہفتے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات