متحدہ عرب امارات میں فضائی آپریشن مکمل بحال، پروازیں معمول پر آگئیں

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے موجودہ حالات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فلائٹ آپریشنز کو دوبارہ فعال کرنے کی منظوری دی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 مئی 2026 12:44

متحدہ عرب امارات میں فضائی آپریشن مکمل بحال، پروازیں معمول پر آگئیں
دبئی / ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2026ء) متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک میں فضائی ٹریفک کی مکمل بحالی کا اعلان کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے تحت لگائی گئی عارضی پابندیاں اب ختم کردی گئی ہیں اور پروازیں اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔ خلیجی میڈیا کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے موجودہ حالات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فلائٹ آپریشنز کو دوبارہ فعال کرنے کی منظوری دی، اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ آپریشنز بحال کر دیئے گئے ہیں لیکن فضائی تحفظ کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے لیے نگرانی کا عمل 24 گھنٹے جاری رہے گا، کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

حکام نے مسافروں اور عام شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر کان دھرنے کے بجائے معلومات کے لیے صرف سرکاری اور مستند ذرائع سے رجوع کریں، پروازوں کے اوقات میں کسی بھی ممکنہ تبدیلی کے لیے متعلقہ ایئرلائنز کے رابطے میں رہیں، ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی فضائی حدود کی بحالی خطے میں معمولاتِ زندگی کی واپسی کی ایک اہم علامت ہے، اس فیصلے سے ناصرف ہزاروں مسافروں کی سفری مشکلات کا خاتمہ ہوگا بلکہ بین الاقوامی ایوی ایشن انڈسٹری اور لاجسٹکس کے شعبے کو بھی بڑی راحت ملے گی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ فضائی آپریشنز کی مکمل بحالی کا سب سے زیادہ فائدہ ان مسافروں کو ہوا ہے جو گزشتہ کئی دنوں سے غیر یقینی صورتحال کا شکار تھے، دبئی سے گزر کر امریکہ، یورپ اور ایشیاء جانے والے ہزاروں ٹرانزٹ مسافروں کے لیے اب کنیکٹنگ فلائٹس کی دستیابی آسان ہو گئی ہے، پہلے پروازوں کے راستے طویل ہونے یا رخ تبدیل کرنے سے ایئرلائنز کے ایندھن کے اخراجات میں اضافہ ہو جاتا ہے، اب براہِ راست راستوں کی دستیابی سے فضائی کمپنیوں کے آپریشنل اخراجات میں کمی آئے گی۔