نبی کریمﷺ دونوں جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے ‘حامد سعید کاظمی

آپﷺ کا اسوہ حسنٰہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی زندگی و آخرت سنوار سکتے ہیں،سیمینار سے خطاب

پیر 14 اکتوبر 2024 22:09

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2024ء) سابق وفاقی وزیر مذہبی امور، مفکر اسلام ممتاز عالم دین علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ حضور نبی کریمﷺ دونوں جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے آپ ﷺکی آمد سے جہالت کے اندھیرے ختم ہوئے اور ہر طرف نور کا اجالا ہوگیا آپﷺ وجہ تخلیقِ کائنات اور اللہ کے محبوب ہیں آپﷺ کا اسوہ حسنٰہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی زندگی و آخرت سنوار سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی BZU ملتان کے زیرِ اہتمام سیمینار ہال ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی BZU ملتان میں منعقدہ سالانہ سیرت النبیﷺ کانفرنس سے صدارتی خطاب میں کیا جس کے مہمانان خصوصی میں چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی ڈاکٹر چوہدری امتیاز احمد وڑائچ، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر کامران اشفاق،سابق ڈی او سپیشل ایجوکیشن میاں محمد ماجد، سماجی رہنما رشید عباس خان تھے جبکہ نعیم اقبال نعیم صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن تقریب کے منتظم و میزبان اعلیٰ تھے اس موقع پر سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ آپﷺ کی تعلیمات سے دوری کے باعث امتِ مسلمہ مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہے حضور نبی کریمﷺ کی حیات مبارکہ زندگی گزارنے کا بہترین نمونہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت ﷺو ختم نبوتﷺ ہمارے ایمان کا حصہ مسلمانوں کا بچہ بچہ تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺکے لیے اپنا تن من دھن قربان کرنے کو تیار ہے۔

(جاری ہے)

علامہ سید حامد سعید کاظمی نے مزید کہا کہ رسول اللہﷺ نے امت کے لئے وہی کچھ کرنے کا حکم دیا جس کا عملی مظاہرہ آپﷺ نے خود فرمایا انہوں نے کہا کہ نئی نسل میں حب رسولﷺ کو پروان چڑھانے کیلئے ایسی بابرکت روحانی محافل موثر ذریعہ ہیں اور ان سے اجر و ثواب کے ساتھ ساتھ قلبی سکون ملتا ہے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن مبارکباد کی مستحق ہے کے وہ پچھلے 21 سال سے مسلسل ایسی محافل کا انعقاد کررہے ہیں اس موقع پر کانفرنس کے شرکائخاص میں سماجی، علمی، ادبی شخصیات اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر حافظ محمد آ فیف بھٹی نے تلاوت قرآن پاک اور معروف ثنائخواں تنویر حسن نے ہدیہ نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی تقریب سے ڈاکٹر صائمہ افضل، ڈاکٹر تہمینہ ستار،مس عالیہ، ملک مظہر اعون نے بھی خطاب کیا تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی و استحکام کے لیے دعاکی گئی۔