صوبہ بھر میں میں صفائی کا دیر پا اور موثر نظام تشکیل دیا جائے گا، ذیشان رفیق

منگل 15 اکتوبر 2024 22:52

صوبہ بھر میں میں صفائی کا دیر پا اور موثر نظام تشکیل دیا جائے گا، ذیشان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2024ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب ویژن کے تحت صوبے کی 64تحصیلوں میں بڈنگ کا کام مکمل ہو گیا ہے، باقی ماندہ تحصیلوں میں بھی ماہ رواں کے دوران پری کوالیفیکیشن کے عمل کی تکمیل ہو جائے گے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ایڈیشنل سیکرٹری ماریہ طارق، ایل ڈبلیو ایم سے کے سی ای او بابر صاحب دین بھی موجود تھے جبکہ دیگر ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام اور آئوٹ سورسنگ ماڈل میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پنجاب میں صفائی کے نظام کی آئوٹ سورسنگ کے عمل میں نمایاں پیشرفت ہو رہی ہے، نئے نظام میں نجی کنٹریکٹرز کی بھرپور شرکت وزیراعلی کے ویژن پر ان کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ صوبائی وزیر نے پری کوالیفیکیشن کا کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب میں صفائی کا ایسا نظام بنائیں گے جو دیرپا ہوگا اور موثر بھی۔

ذیشان رفیق نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کو ہدایت کی کہ وہ کوالیفائی کرنے والے نجی کنٹریکٹرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں، آئوٹ سورسنگ ایک نیا تجربہ ہے، ہم سب کو درپیش چیلنجز کو سمجھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ سی ای اوز نے حالیہ تجربات سے کافی سیکھا ہے۔ وزیر بلدیات نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ صفائی کا یہ معیاری نظام ایک بار چل گیا تو پھر اس کے بعد آسانیاں ہی ہوں گی۔

ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں لوڈرز اور دیگر آلات کی فراہمی یقینی بنائیں، ایل ڈبلیو ایم سی کے کامیاب پلان کو صوبے کے دیگر علاقوں تک توسیع دیں گے۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے سی ای اوز کو تحصیلوں کے دورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جن تحصیلوں میں بڈنگ ہوگئی وہاں ڈور ٹو ڈور کولیکشن کا پلان بنائیں۔ اجلاس میں فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ کی کمپنیوںکے سی ای اوز نے صوبائی وزیر کو آئوٹ سورسنگ کے جاری عمل میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔