آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس چیئرمین ماما عبدالستار بنگلزائی کی زیر صدارت منعقد ہوا

جمعہ 18 اکتوبر 2024 22:54

بھاگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2024ء) آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس چیئرمین ماما عبدالستار بنگلزائی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ شرکا میں وائس چیئرمین حافظ محمد یوسف گویا، جنرل سیکرٹری کامریڈ ٹکا خان کلواڑ، ضلعی امیر جمعیت علما اسلام سید ارشد الدین شاہ، جنرل سیکرٹری جمعیت علما اسلام عبدالسلام مندرانی، تحصیل صدر نیشنل پارٹی وفا مراد سومرو، رہنما جاموٹ قومی مومنٹ کامریڈ نور محمد جاموٹ، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی بھاگ بابو عثمان ہانبھی، کونسلر نثار احمد گویا، صدر ٹرانسپورٹ یونین محمد رحیم بنگلزائی، جی ٹی اے کے حاجی محمد الیاس کلواڑ وڈیرا سلیم منگرانی اور ہندو پنچایت کے چوہدری نند لال شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بھاگ شہر میں روز بروز بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائمز اور بدامنی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے شہر کی انتظامیہ کی جانب سے اس صورتحال پر عدم دلچسپی کی مذمت کی اور اسے عوام کے تحفظ میں ناکامی قرار دیا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ چورچوکیدار کے گٹھ جوڑ کے خلاف 22 تاریخ، بروز منگل، شہر بھر میں شٹر ڈان ہڑتال اور احتجاجی ریلی نکالی جائے گی تاکہ عوام کی آواز کو بلند کیا جا سکے اور امن و امان کی بحالی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جا سکیں۔آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کی جانب سے عوام الناس سے اپیل کی گئی کہ شٹر ڈان ہڑتال اور احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت کر کے عوام دوستی کا ثبوت دیں۔