باغ میں آزاد کشمیر کے 77ویں یوم تاسیس کی تیاریاں مکمل

بدھ 23 اکتوبر 2024 20:12

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2024ء) باغ میں آزاد کشمیر کے 77ویں یوم تاسیس کی تیاریاں مکمل کر دی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ کمپلیکس باغ، مین پل، بازار، گلی محلے، سرکاری عمارات کشمیر و پاکستان کے پرچموں اور بینروں سے سج گئے۔بازار میں جگہ جگہ پرچموں اور بیجز کے سٹال لگا دیئے گئے ہیں جن پر بوڑھے، نوجوان اور بچے خریداری کر رہے ہیں۔

باغ میں یوم تاسیس بھر پور قومی جوش و جذبے کیساتھ منایا جائے گا۔ مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ہو گی جہاں پر سلامی اور پرچم کشائی کی جائے گی۔انجمن تاجران، انجمن شہریان، سول سوسائٹی، وکلاء، صحافی، طلباء، سرکاری ملازمین سمیت تمام مکاتب فکر یوم تاسیس پر پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر باغ راجہ صداقت خان، چیئرمین ضلع کونسل سردار محمد آصف خان،میئر میونسپل کارپوریشن میجر ریٹائرڈ سردار عبدالقیوم بیگ، چیئرمین زکوۃ کونسل سردار عاشق حسین، ڈپٹی میئر سید افراز گردیزی، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن راجہ محمود ایڈووکیٹ، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار سردار منظور حسین ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اجداد کی قربانیوں کانتیجہ ہے کہ آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں اور تحریک آزادی کشمیر کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آزادی کے بیس کیمپ میں آزادی کیساتھ یوم تاسیس اس تجدید عہد کیساتھ منایا جا رہا ہے کہ لاکھوں شہداء کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔\378