نادہندگان ،بجلی چوروں ،غیرقانونی بجلی استعمال کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، چیف ایگزیکٹوکیسکوکی ہدایت

پیر 28 اکتوبر 2024 17:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2024ء) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو انجینئرشفقت علی نے کہاہے کہ بجلی بلوں کی مدمیں بقایاجات کی وصولی کو مزید تیز کیا جائے اورکیسکو کمپنی کومنافع بخش ادارہ بنانے اورعام صارفین کوبجلی کی مسلسل فراہمی کویقینی بنانے کیلئے مزیداقدامات اُٹھائے جائیں۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے کیسکوہیڈکوارٹرزمیں منعقدہ آن لائن جائزاتی اجلاس کے دوران فیلڈآپریشن افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میںچیف انجینئر(آپریشن) شوکت علی جوگیزئی، چیف انجینئر(اواینڈایم)محمدہاشم جوگیزئی، ایڈیشنل چیف انجینئر(پی اینڈای) سید عبداللہ شاہ، ڈائریکٹرکمرشل منصور عمرمینگل کے علاوہ کیسکوکے متعلقہ سینئر افسران بھی موجودتھے جبکہ آن لائن اجلاس میںآپریشن سرکل کیسکوسینٹرل کوئٹہ، پشین ،لورالائی، خضدار، سبی اور مکران آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹوانجینئرز نے شرکت کیں۔

(جاری ہے)

آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجینئرشفقت علی نے کہاکہ وفاقی اورصوبائی حکومت کے زیر اہتمام صوبہ کے تمام زرعی ٹیوب ویل کنکشنوںکی شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبہ پر کام جاری ہے لہٰذافیلڈآپریشن افسران اپنے متعلقہ علاقوںمیں سولرائزیشن کے عمل کے مکمل ہونے کے بعد کیسکوکے برقی آلات ،سامان اوردیگر میٹریل کواُتارنے کے لیئے اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ سولرائزیشن پر منتقل ہونے والے زرعی صارفین دوبارہ اپنے کنکشن کیسکو نیٹ ورک سے منسلک نہ کر سکیں۔

کیسکوچیف نے کہاکہ تمام سرکاری اداروں میںبجلی کے نئے میٹروں کی تنصیب کے عمل کوبھی یقینی بنائیں تاکہ متعلقہ محکموں کو اُن کے استعمال شدہ بجلی کا بروقت اوردرست میٹرریڈنگ ممکن بنائی جاسکے ۔انہوںنے فیلڈافسران کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ وفاقی وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات کی روشنی میں بقایاجات کے حامل تمام نادہندہ صوبائی، وفاقی محکموں،گھریلو، تجارتی و صنعتی اور دیگر کو بجلی بلوںکی ادائیگی کے لئے نوٹس جاری کئے جائیں اورمقررہ وقت تک بقایاجات جمع نہ کرانے والے تمام نادہندہ صارفین کے کنکشنز بلاتفریق منقطع کئے جائیںکیونکہ کیسکوکے پاس بلو ں کی وصولی سے حاصل ہونے والے رقوم کے علاوہ دیگر کوئی مالی وسائل نہیں ہوتے ۔

بجلی بلوںکی مدمیں صوبائی حکومت اور اسکے ذیلی محکموںکے ذمہ تقریباً40ارب روپے کے بقایاجات واجب الاداہیں جبکہ وفاقی حکومت کے ذیلی محکموں پر بجلی بلوںکے تقریباً3ارب روپے کے بقایاجات واجب لاداہیں ۔ کیسکوچیف نے فیلڈآپریشن افسران کو بجلی کے پرانے اورخراب میٹروں کی مختصر وقت میں تبدیل کرنے کی بھی ہدایات جاری کرنے کے علاوہ صارفین کو نئے کنکشن کے حصول کو بھی جلد ازجلد مکمل کریں۔

اسکے علاوہ تمام افسران اپنے متعلقہ علاقوںمیں بجلی کے ترقیاتی اور مرمت کے کاموں کے دوران لائن اسٹاف اورکارکنوںکی حفاظت کو اولین ترجیح دیں اور حفاظتی اصولوں پر بھی سختی سے عمل درآمد کویقینی بنائیں تاکہ کسی ممکنہ جانی نقصان سے بچاجاسکے۔ کیسکوچیف نے کہاکہ سرکاری، نیم سرکاری ،نجی اداروں سمیت تمام نادہندگان سے بقایاجات وصولی کے اہداف کو پوراکرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کے غیرقانونی لوڈہٹانے اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کو مزید تیز کیاجائے نیز بجلی چوروںکے خلاف قانونی کارروائی کیلئے اُنکے خلاف متعلقہ تھانوںمیں ایف آئی آرزکے اندراج کو یقینی بنائیں۔

قبل ازیں چیف ایگزیکٹوآفیسرکوصوبہ کے تمام آپریشن سرکلز کے سپرنٹندنگ انجینئرز، ایگزیکٹوانجینئرزاور ریونیو افسران کی جانب سے اپنے متعلقہ سرکل اور ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق آن لائن بریفنگ دی گئی ۔