میرے ٹی وی انٹرویو کا ایک اخبار نے غلط حوالہ دیا،ہم تمام ججز کا احترام کرتے ہیں ، غلط رپورٹنگ اپنے ہی ادارے کی ساکھ کو متاثر کرتی ہے، ذمہ دارانہ رپورٹنگ ہونی چاہیے ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

پیر 28 اکتوبر 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ میرے ٹی وی انٹرویو کا ایک اخبار نے غلط حوالہ دیا،ہم تمام ججز کا احترام کرتے ہیں ، غلط رپورٹنگ اپنے ہی ادارے کی ساکھ کو متاثر کرتی ہے، ذمہ دارانہ رپورٹنگ ہونی چاہیے ۔پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر وقفہ سوالات شروع ہونے سے قبل سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں نے سلیم صافی کو پروگرام جرگہ میں انٹرویو دیا ،میری بات کا ایک معروف روزنامہ نے غلط حوالہ دیا ہے ، ہم عدالت کے فیصلوں پر کبھی کسی کو نوٹیفائی یا ڈی نوٹیفائی نہیں کرتے، بلکہ الیکشن کمیشن، الیکشن کے بعد اراکین کا نوٹیفکیشن کرتا ہے اور ضمنی الیکشن میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے ،نوٹیفائی ہونے والوں سے ایوان میں حلف لیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام ایشوز پرعدالت ہمیشہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھتی ہے ،الیکشن کمیشن اس پر نوٹیفائی کرتا ہے تو پھر ہماری ذمہ داری ہوتی ہے کہ ہم نے کیا ایکشن لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اس انٹرویو میں میں نے جے یو آئی (ف) کی ایک خاتون رکن کی مثال دی کہ وہ سات دن میرے پاس آتی رہیں کہ حلف لینے دیں، میں نے یہی کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سے نوٹیفائی کرا لیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ججز کا احترام کرتا ہوں، اس طرح کی غلط رپورٹنگ ادارے کی ساکھ کو متاثر کرتی ہے، ذمہ دارانہ صحافت کرنی چاہیے ۔