خواتین اور بچوں کی اندرون و بیرون ملک انسانی سوداگری اور سمگلنگ کے سدباب کیلئے خصوصی کمیٹی کے قیام کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرار داد منظور

منگل 29 اکتوبر 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2024ء) خواتین اور بچوں کی اندرون و بیرون ملک انسانی سوداگری اور سمگلنگ کے سدباب کے لئے پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے قیام کے لئے پنجاب اسمبلی میں قرار داد پیش کر دی گئی ۔ قرارداد رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار ، اسما ناز، راحیلہ خادم اور شازیہ عابد کی جانب سے پیش کی گئی جسے حکومت اور اپوزیشن بنچوں کی طرف سے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔

قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب میں خواتین اور بچوں کی ملک سے باہر سمگلنگ اور اندرونی و بیرونی ہیومن ٹریکنگ میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس کے ذریعے مختلف انسانی سمگلرز خواتین اور بچوں کو اندرون و بیرون ملک گداگری، جسم فروشی، جبری مشقت، انسانی اعضاء کی خرید و فروخت اور منشیات کی سپلائی میں استعمال کرتے ہیں ،اس سلسلے میں وفاقی حکومت ہر سال یو ایس سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کو کار کردگی جمع کرانے کی پابند ہے ،اس رپورٹ کو بہتر بنانے کے لئے تمام صوبوں نے اپنا کردار ادا کرنا ہے لہذا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ اس مسئلے پر خصوصی توجہ اور اقدامات کے لئے پنجاب اسمبلی کی ایک سپیشل کمیٹی تشکیل دی جائے اور اس میں ممبران اسمبلی کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران اور ایکسپرٹس کو بھی شامل کیا جائے جو اس مسئلے پر خصوصی اقدامات کرنے کے لئے مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور خواتین اور بچوں کو اس مافیا سے محفوظ بنا سکیں اور دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر کرا سکیں۔

(جاری ہے)

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اس قرار داد کو منظور کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دینے کی رولنگ دے دی۔ اس حوالے سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او ) سید کوثر عباس نے قرارداد کی حمایت پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم اس سنجیدہ مسئلہ پر فوری توجہ دیں، انسانی سمگلنگ کا مسئلہ نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ پاکستان کے عالمی امیج کو بھی متاثر کر رہا ہے، یہ مافیا نہ صرف معصوم لوگوں کی زندگیاں تباہ کر رہا ہے بلکہ دنیا بھر میں ملک کی بدنامی کا باعث بھی بن رہا ہے، ہمیں اس مافیا کی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے ایک مؤثر حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے ، اس مسئلے پر پیشرفت کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔